ایم کیو ایم نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی

پیر 20 جنوری 2014 17:35

ایم کیو ایم نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرار داد ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرار داد جع کرا دی ہے۔ذرائع کے مطابق تحفظ پاکستان آرڈیننس کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ آرڈیننس آئین و قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم کی جانب سے نواب شاہ میں ٹریفک حادثہ جب کہ گزشتہ روز بنوں پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور راولپنڈی میں پولیس و فوج کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملے کے خلاف مذمتی قرار دادیں بھی جمع کروائیں گئیں۔ وزیر اعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں تحفظ پاکستان آرڈیننس کوفوری طور پر نافظ کرنے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی تھی اس پر عمل درآمد کرانے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حکومت نے انسداد دہشت گردی کے لیے تحفظ پاکستان آرڈیننس متعارف کرایا ہے جس کے تحت تخریب کاری کو ریاست کے خلاف جرم قرار دیا گیا ہے، آرڈیننس کے تحت قومیت، رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کردہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کے ساتھ غیر ملکی دشمن جیسا سلوک کیا جائے جب کہ کسی بھی مشتبہ شخص کو قانون نافظ کرنے والے ادارے 90 روز تک اپنی حراست میں رکھ سکیں گے۔