Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو (کل) دو ماہ مکمل ہو جائیں گے،دو ماہ پورے ہونے پرملک میں امن کے قیام اور شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے ختم قران کیا جائیگا،پیر کو آئی ایس ایف نے دھرنا دیا،دس کنٹینرز واپس کر دیئے گئے،احتجاجی مظاہرہ بھی کیاگیا

پیر 20 جنوری 2014 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کو(کل) دو ماہ مکمل ہو جائیں گے۔کل دھرنے کے دو ماہ پورے ہونے پر دھرنا کیمپ حیات آباد میں انصاف یوتھ ونگ کے زیر اہتمام ملک میں امن کے قیام اور بم دھماکوں اور دیگر بدامنی کی وارداتوں میں شہید ہونیوالوں کیلئے ختم قرآن پاک بھی کیا جائیگا۔

پیر کو دھرنے کے59ویں روز انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے دھرنا کیمپ میں صوبائی صدر سہیل آفریدی،مرکزی رہنما مینا خان آفریدی،ضلعی صدر شاہد خٹک کی قیادت میں طلباء نے دھرنا دیا اس موقع پر بابائے دھرنا فیاض خلیل بھی موجود تھے جبکہ اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی دھرنے میں شریک رہے۔طلباء نے اس موقع پر مبینہ جعلی کاغذات پر افغانستان جانے کی کوشش کرنیوالے دس کنٹینرز کو بھی واپس کر دیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے مشیر ضیاء اللہ آفریدی اور صوبائی ترجمان تحریک انصاف اشتیاق ارمڑ نے بھی دھرنا کیمپ کا دورہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ آفریدی اور اشتیاق ارمڑ نے پارٹی کارکنان کو کامیاب دھرنے پر مبارکباد دی۔انھوں نے کہا دھرنے کے دو ماہ کل پورے ہو جائیں گے اور یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ کارکنوں کا جذبہ روز اول کی طرح بلکہ اس سے بھی زیادہ ہے ۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے ثابت کیا کہ وہ اپنی قیادت کی طرح ڈٹ جانیوالے ہیں اور حق بات کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اگر مذاکرات میں دیر نہ کرتی تو آج یہ حالت نہ ہوتی ۔مذاکرات میں دیر کرنے کی وجہ سے حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔وفاقی حکومت کو چاہئے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور امریکی جنگ لڑنے کی بجائے اپنے ملک کے حالات بہتر کرنے کی طرف توجہ دے ۔

انھوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے مذاکرات کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں۔انھوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کی وجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہوتا ہے لیکن افسوس کہ وفاقی حکومت نہ صرف ان حملوں پر خاموش رہتی ہے بلکہ ان حملوں میں اس کی مرضی بھی شامل ہوتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جس کی قیادت اس ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔طلباء نے اس موقع پر ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔کل بروز منگل انصاف یوتھ ونگ کے زیر اہتمام دھرنا کیمپ میں ملک میں امن کے قیام ،بم دھماکوں اور دیگر بدامنی کی وارداتوں میں شہید ہونیوالوں کیلئے ختم قرآن پاک کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات