صحافی برادری صوبے اور ملک کو موجود ہ مشکل صورتحال سے نکالنے میں حکومت کاساتھ دیں،پرویزخٹک،خطے میں پائیدار امن کے قیام اور ملک و قوم کو اس بحران سے نکالنے کے لئے ایک فعال اور اہم کردار ادا کریں ، وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 20 جنوری 2014 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے درگئی، ڈیرہ، ٹانک اور اورکزئی پریس کلبوں کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر ان کے نو منتخب صدور اور کابینہ کے دیگر ارکان کو دلی مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ صحافی برادری صوبے اور ملک کو موجود ہ مشکل صورتحال سے نکالنے، بدامنی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنے قلم کا بھر پور استعمال کریں گے اور ان پیچیدہ حالات میں حکومت کے ساتھ قوم کی بھی صحیح سمت رہنمائی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے درگئی، ڈیرہ، ٹانک اور اورکزئی پریس کلبوں کے نو منتخب صدور ظاہر شاہ،رمضان سیماب، آور دین محسود ، صالح دین محمد اور کابینہ کے دیگر ارکان کے نام اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ ان پریس کلبوں کے نو منتخب صدوراور کابینہ ممبران اپنے اپنے علاقوں میں صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مخلصانہ کوششیں کریں گے انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ نو منتخب صدور اور کابینہ کے دیگر عہدیداران اپنے متعلقہ علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل کو صوبائی اور وفاقی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ تمام پریس کلبوں کا تعلق ایسے اضلاع سے ہے جو قبائلی علاقوں سے متصل ہیں جس کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں جاری بدامنی ا ور خراب حالات کے واقعات کا ان علاقوں پر براہ راست اثر پڑتا ہے ایسے میں ان علاقوں کی صحافی برادری پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام اور ملک و قوم کو اس بحران سے نکالنے کے لئے ایک فعال اور اہم کردار ادا کریں اور یہاں پر گزشتہ ایک دہائی سے جاری دہشت گردی اور ڈرون حملوں کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور لوگوں کو درپیش مسائل کو بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں اُجا گر کریں دریں اثناء وزیراعلیٰ نے ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس اورکزئی ایجنسی کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب صدر سید حسن محمود اور کابینہ کے دیگر ارکان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نو منتخب صدور اور ان کی کابینہ کے دیگرعہدیداران اپنے علاقے میں صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل اور علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :