وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پرخواجہ سلمان رفیق کراچی میں شہید ہونیوالے پولیس افسر چوہدری اسلم شہید کے گھر پہنچ گئے ،چوہدر ی اسلم کی دلیرانہ اور نڈر زندگی پولیس کے افسران اورجوانوں پنجاب حکومت اور پولیس کیلئے روشن مثال ہے‘خواجہ سلمان رفیق

پیر 20 جنوری 2014 20:27

لاہور /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ایس ایس پی چوہدری اسلم شہید کی کراچی میں واقع رہائش گاہ پر گئے اور ان کی بیوہ مسز نورین اور بچوں سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر ایس پی عرفان بہاردر بھی ان کے ہمراہ تھے - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چوہدری اسلم شہید کی پیشہ وارانہ خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا اور ان کی دلیرانہ اور پیشہ وارانہ زندگی پولیس کے افسروں اور جوانوں کے لئے روشن مثال ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چوہدری اسلم کی شہادت نے فورسز کے جوانوں کے حوصلوں میں نیا ولولہ پیدا کردیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف شاندار خدمات انجام دیں-چوہدری اسلم نے بہادروں کی طرح شہادت پائی اور خون کے آخری قطرے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ کا عہد نبھا دیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے چوہدری اسلم شہید کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا کرے۔