Live Updates

نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کوامن کا گہوارہ بنا دیا جائیگا،اس مقصد کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائیگا ‘ حمزہ شہباز شریف ،امن کے قیام کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا،پاکستانی عوام کسی مائی کے لال کو اپنے وطن کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، صوبہ خیبر پختونخواہ کے عوام نے عمران خان کو اپنے مسائل کے حل کا مینڈیٹ دیا ہے مگر وہ پنجاب میں دھرنوں کی منفی سیاست کر رہے ،دھرنے ، وعدے اور دعوے کرنے بہت آسان ہیں لیکن عوام کی عملی خدمت کرنا اتنا ہی مشکل ہے‘ خوشاب میں جلسہ عام سے خطاب

پیر 20 جنوری 2014 21:20

نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کوامن کا گہوارہ بنا دیا جائیگا،اس مقصد ..

خوشاب (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کوامن کا گہوارہ بنا دیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا ،امن کے قیام کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا،پاکستانی عوام کسی مائی کے لال کو اپنے وطن کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، عمران خان کو باری لینے کی بہت جلدی ہے لیکن وہ پہلے کچھ کر کے تو دکھائیں ، صوبہ خیبر پختونخواہ کے عوام نے انہیں اپنے مسائل کے حل کا مینڈیٹ دیا ہے مگر وہ اپنے صوبے میں مہنگائی ، بے روزگاری اور بد امنی سے نمٹنے کی بجائے پنجاب میں دھرنوں کی منفی سیاست کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز قائد آباد (ضلع خوشاب) میں حلقہ این اے 69 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شازیہ اشفاق مٹو ، سعود نذیر ،منشا ء اللہ بٹ ، صالح گنجیال ، امیر مختار سنگھا،کرم الہی بندیال اور ڈاکٹر غوث سمیت قومی و علاقائی رہنما بھی موجوود تھے ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان موجودہ حکومت پر امریکی غلامی کا الزام لگاتے ہوئے یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ انہوں نے خود حقیقی امریکی غلام جنرل مشرف کے ہاتھ پر بیعت کر کے نہ صرف اسے اپنا ہیرو قرار دیا تھا بلکہ اس کی انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ میانوالی میں سیلاب آیا تو عمران خان کو اپنے حلقے کے لوگوں سے ان کا حال پوچھنے کی بھی توفیق نہ ہوئی اور انہوں نے وہ نشست چھوڑ کر اپنے اہل علاقہ کے زخموں پر نمک پاشی کی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کردار کے برعکس میاں نواز شریف نے عدلیہ کی بحالی کے لئے لانگ مارچ کے مسئلہ پر امریکہ سمیت کسی بیرونی قوت کے دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا جبکہ ان دنوں عمران ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتے تھے۔

نواز شریف نے اسی ثابت قدمی اور بہادری کا مظاہرہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان کی طرف سے ایٹمی دھماکے کر کے بھی کیا تھا ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کو سوچنا چاہیے اور اس بات کا ادراک کرنا چاہیے کہ ہمارے ملک کے لوگ اب بہت باشعور ہو چکے ہیں ۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے ، وعدے اور دعوے کرنے بہت آسان ہیں لیکن عوام کی عملی خدمت کرنا اتنا ہی مشکل ہے۔

پاکستان کی 66 سالہ تاریخ میں اب تک سوائے سیاست اور زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں ہوا لیکن ہمارے بزرگوں نے ہمیں لوگوں کی خدمت کو عبادت سمجھنے کا سبق سیکھایا ہے ۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اس خوشاب کے علاقے کے لوگوں کی محبت ان پر قرض ہے اور وہ اس علاقے میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا کر محبت کے اس قرض کو اتاریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قائد آباد میں سپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا اور وہ اس علاقے کو اپنا گھر سمجھ کر اس کی خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، بیروزگاری اور بد امنی کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں اور آنے والے سالوں میں ملک کے عوام کو ان تمام مسائل سے مستقل بنیادوں پر نجات دلا کر پاکستان کو قائد و اقبال کا حقیقی پاکستان بنا دیا جائے گا ۔جلسے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدوار ملک عزیر محمد خان ، سمیراملک اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات