سری لنکا کیخلاف شارجہ میں تاریخی کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز وطن واپس پہنچ گئے ،پرتپاک استقبال کیا گیا ،8 کھلاڑی اور آفیشلز دبئی سے لاہور ،ٹیم منیجر معین خان اور چار کھلاڑی کراچی ائیر پورٹ پہنچے ،شائقین نے پاکستان اور ٹیم کے حق میں نعرے لگائے ،مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف رہی ،آخری میچ میں فتحیاب ہو کر سری لنکا کیخلاف سیریز برابر کرنا اعزاز کی بات ہے‘ معین خان،تاریخی فتح پر بہت خوشی ہوئی،کوچ ڈیوڈ واٹمور کو آخری میچ جیت کر تحفہ دیا‘ کپتان مصباح الحق کی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو ۔ تفصیلی خبر

منگل 21 جنوری 2014 13:26

لاہور/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) سری لنکا کے خلاف شارجہ میں تاریخی کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑی اور آفیشلز وطن واپس پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔سری لنکا کو شکست دینے والے قومی کرکٹ ٹیم کے 8 کھلاڑی اور آفیشلز دبئی سے لاہور پہنچے۔جن میں کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، محمد طلحہ، اظہر علی، محمد اکرم، شاہداسلم، طلحہ اعجاز ، عبدالرحمان، احمد شہزاد، اظہر علی،راحت علی اور وسیم احمد شامل ہیں جبکہ آفیشلزمیں قومی ٹیم کے ساتھ کوچ ڈیوڈ واٹمور اور جولین فاونٹین بھی ٹیم کے ساتھ لاہورپہنچے۔

ٹیم مینیجرمعین خان، اسدشفیق، خرم منظور اوروکٹ کیپر سرفرازاحمد دبئی سے کراچی پہنچے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اورآفیشلزجب ایئرپورٹ سے باہرنکلے تووہاں پرموجودلوگوں نے انکاشانداراستقبال کیااورپاکستان زندہ بادکے نعرے لگائے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کے کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔

(جاری ہے)

شائقین کرکٹ کاکہناتھاکہ آخری ٹیسٹ میں قومی کرکٹ ٹیم نے شاندارکھیل کامظاہرہ کیااورمیچ جیت کرقوم کوخوشی دی جوبڑے فخرکی بات ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میں 5 وکٹ سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی اور سیریز ایک ایک سے برابر کی۔ کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ٹیم منیجر معین خان نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف رہی اورآخری میچ میں فتح یاب ہو کر سری لنکا کے خلاف سیریز برابر کرنا اعزاز کی بات ہے۔

پہلی اننگز کے علاوہ ٹیم نے پورے میچ میں اچھا کھیل پیش کیا۔ امید ہے تمام کھلاڑی اپنی کارکردگی میں تسلسل کو بر قرار رکھیں گے۔اس موقع پر قومی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفرازحمد کا کہنا تھا کہ آخری میچ میں سب لڑکوں نے بھر پور مقابلہ کیا جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں ملا۔ کوشش ہو گی کہ آئندہ بھی اچھا کھیل پیش کریں۔لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ تاریخی فتح پر بہت خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بہت خوشی کی بات ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایک سوال کے جواب کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ہمارا کام کھیلنا ہے اور ہم کسی کے خلاف کوئی بات نہیں کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کوچ ڈیوڈ واٹمور کو آخری میچ جیت کر تحفہ دیا۔انہوں نے کہا کہ آخری میچ بہت اہمیت کا حامل تھا، تاریخی فتح پر بہت خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بہت خوشی کی بات ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جیت سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلندہوئے ۔

میچ میں اظہر علی اور سرفراز احمد نے اچھی بیٹنگ کی جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر اظہر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا ٹارگٹ حاصل کرنا ہمارے لئے بہت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والدین بھی بہت دعا کرتے ہیں اور ان کی دعارنگ لائی۔