پولیو ورکرز پر مسلسل حملے ،حکومت کا کراچی آپریشن کا حتمی مرحلہ آئندہ 2روز میں شروع کرنے کا فیصلہ ،آپریشن کی حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں مشاورت کا سلسلہ جاری،آپریشن فاسٹ ٹریک پر مبنی ہوگا ،قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل اطلاعات کی روشنی میں بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں کریں گے،تمام لاجسٹک سپورٹ حاصل ہوگی

منگل 21 جنوری 2014 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) وفاقی اورصوبائی حکومت نے کراچی میں پولیو ورکرز پر مسلسل حملوں اور بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کے بعد حساس ترین علاقوں میں مربوط انداز میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا تیسرا اورحتمی مرحلہ آئندہ 2روز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔یہ آپریشن کالعدم تنظیموں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مربوط انداز میں کیا جائے گا ۔

آپریشن کی حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافے اور پولیو ٹیموں پر حملے کے واقعات کا سندھ حکومت نے سخت نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہیں کہ حساس اداروں میں کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت آپریشن کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ منگھوپیر ،اورنگی ٹاوٴن ،کورنگی ،لانڈھی ،سہراب گوٹھ ،کنواری کالونی سمیت اہم علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو آگاہ کیا ہے ،جس کے بعد کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ٹارگیٹڈ آپریشن کا حتمی مرحلہ آئندہ دو روز میں شروع کردیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق 378اہم ملزمان کے سروں کی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سے بھی حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے ۔پہلے مرحلے میں 100اہم ملزمان کے سروں کی قیمتیں مقرر کی جائیں گی ،جو 5لاکھ سے شروع ہو کر 50لاکھ تک ہوں گی ۔ذرائع کے مطابق آپریشن کا تیسرا اور حتمی مرحلہ فاسٹ ٹریک پالیسی پر مبنی ہوگا ،جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل اطلاعات کی روشنی میں بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں کریں گے اور ان کو جدید آلات سمیت تمام لاجسٹک سپورٹ حاصل ہوگی ۔

آپریشن کے حتمی مرحلے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی اور یہ آپریشن شہر کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز کیا جائے گا ۔اس آپریشن کے حوالے سے وفاقی حکومت پہلے ہی صوبائی حکومت کو ہدایات جاری کرچکی ہے ۔