غیرقانونی شکار کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی،انجینئرشوکت اللہ،فاٹا سیکرٹریٹ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شجرکاری مہم بھی تیز کریں،گورنرخیبرپختونخوا

منگل 21 جنوری 2014 19:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ قدرتی جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شجرکاری مہم بھی تیز کریں اور جنگلی حیات کے فروغ اور تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔وہ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میں محکمہ جنگلات فاٹاکے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ارباب محمدعارف ،سیکرٹری اے ،آئی اینڈسی فاٹا اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات کے حکام کی جانب سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں گورنر کوبتایاگیاکہ ایک جامع حکمت عملی کے تحت قدرتی جنگلات اور جنگلی حیات کے فروغ اور تحفظ کویقینی بنایاجارہاہے۔

(جاری ہے)

گورنرنے اس موقع پر ہدایت کی کہ ان لوگوں سے سختی سے نمٹا جائیگا جو قدرتی جنگلات کو نقصان پہنچارہے ہیں اور جنگلی حیات کے حوالے سے قانون کی عملداری پرزوردیتے ہوئے کہاکہ غیرقانونی شکار کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

دریں اثناء گورنر نے محکمہ بہبود آبادی فاٹا کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ فاٹامیں پاپولیشن ویلفیئر کے 50 سنٹرز کو فعال بنانے اور بہبود آبادی کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگرکیاجائے۔ انہوں نے باجوڑ ایجنسی کے صدرمقام خار کی میونسپل حدود اور سہولیات عنایت کلے تک بڑھانے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ خار میں ترقیاتی منصوبوں کو طویل المعیاد بنیاد بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

انہوں نے فاٹامیں اساتذہ کی جدید بنیادوں پر ٹریننگ کے منصوبے کو بھی سراہا اور جدید تعلیم کے حصول کیلئے تمام سہولیات مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔فاٹامیں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منعقدہ ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترقیاتی فنڈز کے صحیح استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے اور ایسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر زیادہ اہمیت دی جائے جن سے بڑے پیمانے پر فاٹا کے عوام کو فائدہ پہنچے۔گورنرنے کہاکہ ہم نے کاغذات میں نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں نظر آنیوالے کام کرنے ہیں اور فاٹا کے عوام کو حقیقی ترقی سے ہمکنار کرناہے۔

متعلقہ عنوان :