بلوچستان اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی مسودہ قانون 2014 کو منظور کر لیا

منگل 21 جنوری 2014 19:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری۔2014ء) بلوچستان اسمبلی نے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ترمیمی مسودہ قانون 2014 کو منظور کر لیا گیا جبکہ صوبے میں گیس اور بجلی کے بحران کے خلاف بھی متفقہ قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔ بلوچستان اسمبلی کے جاری سیشن کا اجلاس سپیکر جان محمد جمالی کی زیر صدارت دو دن کے بعد آدھے گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔

اجلاس کے شروع میں بھی وقفہ سوالات ملتوی کر دیا گیا جبکہ اجلاس میں پشتنخوا میپ کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے کی جانب سے صوبے میں جاری گیس اور بجلی کے بحران کے خلاف قرارداد پیش کی گئی جس کو تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر منظور کیا گیا اس ضمن میں رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی نے کہا کہ ہمارے ہی صوبے سے گیس نکل رہی ہے لیکن ہمیں ہی اس گیس کے لئے وفاق سے بھیک مانگنی پڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

یاسمین لہڑی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکڑ شمع اسحاق کا کہنا ہے کہ وفاق صوبے سے نکلنے والی گیس کے ضمن میں بلوچستان کا مقروض ہے۔ اجلاس کے دوران بنوں اور راولپنڈی دھماکوں اور نوابشاہ بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد اور بچوں کے لئے دعا بھی کی گئی۔ بعد ازاں بلوچستان لوکل گورنمنٹ ترمیمی مسودہ قانون 2014 بھی اراکین اسمبلی نے بھاری اکثریت سے منظور کر لیا جس کے بعد اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے اجلاس کل بروز بدھ سہہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا۔

متعلقہ عنوان :