تحریک طالبان پاکستان نے شمالی وزیرستان جیٹ طیاروں کی بمباری میں عدنان رشید کی ہلاکت کی تردیدکردی، جی ایچ کیو اور بنوں چھاؤنی پر حملوں سے بوکھلاہٹ کی شکار پاکستانی سیکیورٹی ایجنسیاں اور حکومت نے شمالی وزیرستان میں بیگناہ قبائلیوں کو نشانہ بنایا ہے،شاہد اللہ شاہد ۔ تفصیلی خبر

منگل 21 جنوری 2014 20:51

تحریک طالبان پاکستان نے شمالی وزیرستان جیٹ طیاروں کی بمباری میں عدنان ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) تحریک طالبان پاکستان نے شمالی وزیرستان میں پاکستانی جیٹ طیاروں کی بمباری میں عدنان رشید کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر طالبان رہنما اپنے بیوی اور بچوں سمیت مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ نجی ٹی وی کو بھیجے گئے تحریری پیغام میں تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ جی ایچ کیو اور بنوں چھاؤنی پر حملوں سے بوکھلاہٹ کی شکار پاکستانی سکیورٹی ایجنسیاں اور حکومت نے شمالی وزیرستان میں بے گناہ قبائلیوں کو نشانہ بنایا ہے ۔

بے گناہوں کے قتل عام کے بعد اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کے لئے حکومتی ایجنسیوں نے بمباری میں عدنان رشید اور انکے بیوی بچوں سمیت کئی طالبان کمانڈروں کو مارنے کا دعوی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس عدنان رشید یا کسی بھی طالبان کمانڈر کو مارنے کے بارے میں ثبوت موجود ہیں تو سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ عدنان رشید اور انکے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ عدنان رشید اپنی جہادی سرگرمیوں میں مکمل طور پر مصروف ہیں۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ بے گناہوں کو مارنے والے کیا مذاکرات کے لئے سازگار ماحول فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان آج بھی حکومت کے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔