کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی ،سرمایہ کاری مالیت میں37ارب6کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس103.75پوائنٹس اضافے سے 27104.70پوائنٹس پر بند ہوا

منگل 21 جنوری 2014 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ریکارڈ بننے کا تسلسل جاری ہے ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روزمنگل کو کے ایس ای 100انڈیکس 27100کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں37ارب6کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت1.73فیصد کم جبکہ60.95فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز ، دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے آئل ،بینکنگ ،توانائی اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 27180پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال اور کراچی کے علاقے قیوم آباد میں پولیو ورکرز پر حملے کے تازہ ترین واقعہ کے بع مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی ،جس کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس103.75پوائنٹس اضافے سے 27104.70پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 420کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 256کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ 145کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 19کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں 37ارب 6کروڑ 39لاکھ13ہزار953روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 65کھرب 81ارب 4کروڑ4لاکھ 53ہزار 183روپے ہوگئی ۔

منگل کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 26کروڑ 19لاکھ 67ہزار 180شیئرز رہیں جو پیر کے مقابلے میں 46لاکھ 32ہزار800شیئرز کم ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے نیسلے پاکستان کے حصص کے سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت464.44روپے اضافے سے 9864.43روپے ،وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 236.00روپے اضافے سے 4961.00روپے پر بند ہوئی ۔نمایاں کمی نیشنل فوڈز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت22.71روپے کمی سے 660.61روپے جبکہ سیمنس پاکستان کے حصص کی قیمت18.39روپے کمی سے1491.97روپے پر بند ہوئی ۔

منگل کو اذگارڈنائن کی سرگرمیاں 2کروڑ 8لاکھ1ہزار شیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت31 پیسے اضافے سے 9.07روپے جبکہ بینک اسلامی پاکستان کی سرگرمیاں 1 کروڑ 31لاکھ 59ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 57پیسے اضافے سے 7.78روپے پر بند ہوئی ۔منگل کو کے ایس ای 30انڈیکس 39.06پوائنٹس اضافے سے 19790.07پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 227.74پوائنٹس اضافے سے 44912.59جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 113.67پوائنٹس اضافے سے 20173.68پوائنٹس پر بند ہوا ۔