امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں ایک بار پھر برفانی طوفان نے تباہی مچادی ، ٹریفک اور بجلی کا نظام دربرہم

بدھ 22 جنوری 2014 12:45

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں ایک بار پھر برفانی طوفان نے تباہی مچادی ، ٹریفک اور بجلی کا نظام دربرہم ہوگیا ، سکولوں اور دفاتر کو تالے لگادیئے گئے ، ملک بھر میں 2500سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں ، برف کو پگھلانے کیلئے ہیلی کاپٹردن بھر نمک گراتے رہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار سے سات انچ تک مزید برف باری ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق شدید ہوا کے تھپیڑوں اور برفباری کے باعث حکام کو واشنگٹن کے زیادہ تر اسکولز اور سرکاری دفاتر بند کرانا پڑے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں ہونے والی برفباری گزشتہ تین سال میں ہونیوالے سب سے شدید برفباری ہوسکتی ہے۔حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں واشنگٹن کے علاوہ نیویارک اور فلاڈیلفیا میں بھی ایک ایک فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن سے بوسٹن جانے والی ہائی وے کئی کئی انچ موٹی برف سے ڈھکی ہوئی ہے جس کے باعث ہزاروں گاڑیاں سڑک پر ٹس سے مس بھی نہیں ہوپارہی ہیں۔واشنگٹن کے علاوہ ریاست نارتھ کیرولائنا ، ورجینیا اور کنیکٹی کٹ میں بھی تعلیمی ادارے بند کرادئیے گئے ہیں۔برفانی طوفان کے باعث ملک بھر میں 2900 پروازیں منسوخ جبکہ ہزاروں تعطل کا شکار ہوگئی ہیں۔ بالٹی مور واشنگٹن انٹرنیشنل مارشل ایئرپورٹ پر 101پروازیں منسوخ ہوئیں؛ ڈلیس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 112، جب کہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر 173 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

موسمیاتی ادارے نے بتایا کہ ملک کے شمال مشرقی علاقے، جن میں فلاڈیفیا، نیو یارک اور بوسٹن شامل ہیں، 10 انچ سے زیادہ برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے گذشتہ رات بھر، میونسپلٹی کا عملہ سڑکوں پر نمک گراتا رہا، تاکہ برف نہ جمے اور ٹریفک رواں دواں رہے۔پیش گوئی کے مطابق (آج) جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت ف فیئرنہائٹ 10 پر ہوگا جبکہ تیز طوفانی ہوائیں چلنے کے باعث سردی اپنی انتہا کو پہنچے گی۔

متعلقہ عنوان :