سٹیڈیم جلد بنائیں ورنہ میچ نہیں ہونے دیں گے ،فیفا کا انتباہ

بدھ 22 جنوری 2014 13:17

زیورخ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے کہا ہے کہ برازیل کے جنوبی شہر کیورٹیبا میں جاری تعمیراتی کام کو تیز نہ کیا گیا تو عالمی کپ کے میچ منعقد کرنے والے شہروں کی فہرست سے خارج کیا جا سکتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فیفا کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ برازیل میں ارینا سٹیڈیم میں جاری کام شیڈول سے بہت زیادہ پیچھے ہے۔

انھوں نے کہا کہ برازیل کے جنوبی شہر کیورٹیبا کو عالمی کپ کے میچ منعقد کروانے کے بارے میں فیصلہ 18 فروری کو کیا جائیگا۔فیفا کے جنرل سیکریٹری نے ارینا سٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد اس صورتِ حال کو بہت پیچیدہ قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں ارینا سٹیڈیم کی موجودہ صورتِ حال پسند نہیں آئیوہاں پر جاری تعمیراتی کام نہ صرف لیٹ بلکہ شیڈول سے بہت پیچھے ہے۔

(جاری ہے)

برازیل کے حکام کے مطابق ارینا سٹیڈیم میں 90 فیصد کام مکمل ہے تاہم فیفا نے کہاکہ کیورٹیبا کو عالمی کپ کے میچ منعقد کروانے کے بارے میں حتمی فیصلہ 18 فروری کو اس کا دوبارہ دورہ کرنے کے بعد کیا جائیگا۔واضح رہے کہ برازیل کے جنوبی شہر کیورٹیبا کے ارینا سٹیڈیم میں عالمی کپ کے چار میچ کھیلے جانے ہیں جن میں سپین، آسٹریلیا، ایکواڈور، ایران، نائیجریا، ایلجیریا اور روس کی ٹیموں کے درمیان میچ شامل ہیں۔یاد رہے کہ برازیل میں 2014 کے فٹ بال کے عالمی کپ کے مقابلے 12 جون سے 13 جولائی 2014 کے درمیان منعقد کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :