شارجہ ٹیسٹ میں جارحانہ بیٹنگ کی ہدایت کی گئی تھی، سرفراز احمد

بدھ 22 جنوری 2014 13:19

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفرازا حمد نے کہا ہے کہ شارجہ ٹیسٹ میں جارحانہ بیٹنگ کی ہدایت کی گئی تھی، ماں باپ اور دوستوں کی دعاؤں کی وجہ سے کارکردگی دکھانے اور اپنی اہلیت منوانے کا موقع ملا ،اظہر علی خود بھی اچھا کھلے اور مجھے بھی سمجھاتے رہے ۔ایک انٹرویو میں سرفراز احمد نے کہا کہ میں پی آئی اے کی جانب سے میچ کھیل رہا تھا اسی دوران ابوظبی ٹیسٹ میں عدنان اکمل ان فٹ ہوگئے اور مجھے پی سی بی سے کال آئی۔

چوں کہ اچانک طلب کیا گیا تھا اور اوریجنل اسکواڈ میں نام نہیں تھا اس لئے ابتدائی طور پر دباؤ میں تھا تاہم کپتان مصباح اور منیجر معین بھائی نے میری بھر پور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ شارجہ ٹیسٹ سے پہلے دبئی ٹیسٹ میں بھی نصف سنچری بناکر اعتماد آگیا تھا چونکہ پی آئی اے میں معین خان کی کوچنگ میں کھیل چکا ہوں اس لئے انہیں میری بیٹنگ صلاحیتوں کا علم تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اور مصباح بھائی نے نے مجھے بیٹنگ میں پروموٹ کرتے ہوئے یہی کہا تھا کہ کریز پر جاکر چانس لینا اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلنا اگر تم آؤٹ ہوجاتے ہو تو پھر ہم ڈرا کا سوچیں گے تاہم اس وقت تم نے پانچ کی اوسط کو برقرار رکھنا ہے اور پندرہ 16 اوور کریز پر گذار دیئے تو ہدف کے قریب آجائیں گے۔ سرفرازاحمد نے کہا کہ چائے کے وقفے کے بعد مجھے جارحانہ بیٹنگ کا ٹاسک دیا گیا اور میں نے ٹیم انتظامیہ کے پلان کے مطابق بیٹنگ کی۔

انہوں نے اظہر علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اچھا کھیلے اور مجھے بھی سمجھاتے رہے۔ پاکستان کی جانب سیچھ ٹیسٹ اور26 ون ڈے انٹر نیشنل کھیلنے والے سرفراز احمد نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ آئندہ جس فارمیٹ میں چانس ملے اپنی صلاحیتوں کو منواوں اور ڈومیسٹک سیزن سے فائدہ اٹھاوں اور اپنے کھیل کو مثبت انداز میں آگے بڑھاؤں۔ سخت محنت کے بعد اپنے کھیل میں خامیوں کو دور کروں ۔

متعلقہ عنوان :