کراچی‘ فائرنگ اور پرتشددواقعات میں ایک خاتون سمیت مزید 7افرادکوقتل

بدھ 22 جنوری 2014 14:06

کراچی‘ فائرنگ اور پرتشددواقعات میں ایک خاتون سمیت مزید 7افرادکوقتل

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) شہر قائدمیں قتل وغارت اور لاشیں ملنے کا تسلسل جاری بدھ کو فائرنگ اور پرتشددواقعات میں ایک خاتون سمیت مزید 7افرادکوقتل کردیاگیا جبکہ دو روز قبل کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ ملیر ندی سے ملنے والی تینوں لاشوں کی شناخت کرلی گئی ہے،مقتولین کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ لیاری میں رینجرز اور پولیس کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران گینگ وار کا ایک مبینہ ملزم مارا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید کے لنک روڈ کی جھاڑیوں سے 4افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولین کو تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ تمام افراد شلوار قمیض میں ملبوس ہیں تاہم ان کے پاس سے کوئی دستاویزات نہ ملنے کے باعث کسی شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق چاروں افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گلستان جوہربلاک 15 سے ایک خاتون کی تشدزدہ گلاکٹی لاش برآمدہوئی ہے، جسے پر تیز دھار سے آلے سے وار کیا گیا ہے۔ لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعدجناح اسپتال منتقل کردیاگیاتاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔

گلشن معمارچاکرہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے میں گینگ وار اور جرائم پیشہ گروہ سے وابستہ ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے پولیس اور رینجرز نے آپریشن کیا،جس کے دوران ایک گینگ وار سے وابستہ مبینہ ملزم بہرام مارا گیا۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ملزم بہرام لیاری گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو گروپ سے وابستہ اور پولیس کو کئی مقدمات میں مطلوب تھا، جس کی لاش کو پولیس کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب دو روز قبل شرافی گوٹھ ملیر ندی سے ملنے والی تینوں لاشوں کی شناخت کفایت، قاری ثروت اور قاری احسن کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا گیا ہے۔ ان افراد کو پانچ روز قبل رینجرز نے منگھو پیر میں سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :