یوریا کی فی بوری کی قیمت میں 150 روپے اضافہ

بدھ 22 جنوری 2014 15:23

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء)کھاد کمپنیوں نے یوریا کی قیمتوں میں سو سے ایک سو پچاس روپے فی بوری اضافہ کردیا، کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت مناسب قیمت پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائے۔ کھاد بنانے والی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات میں من چاہا اضافہ کر دیا، جس پر نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے قیمتوں میں کمی اور بوریوں پر قیمت چسپاں کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

تاہم وزیراعظم کے احکامات پر کوئی عمل درامد نہیں کیا جارہا، ذرائع کے مطابق کھاد بنانے والی کمپنیاں اور دکاندار کسانوں سے زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں، جبکہ قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے، جس پر کاشت کاروں میں شدید غصہ پایا جارہا ہے۔ کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی قیمتوں کی روک تھام کے لیئے حکومتی سطح پر کوئی موثر اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔ کاشتکار پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں اور اب کھاد کی قیمت میں مزید اضافے سے ان کی معاشی حالت غیرمستحکم ہوتی جارہی ہے۔