اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر پٹرولیم شاکو سی این جی بندش سے متعلق کیس میں دوبارہ توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا

بدھ 22 جنوری 2014 15:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو سی این جی بندش سے متعلق کیس میں دوبارہ توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے چوبیس جنوری کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے دیاہے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سی این جی بندش سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر پٹرولیم نے سی این جی کے عدالتی فیصلے کیخلاف پریس کانفرنس کرکے توہین عدالت کی ۔پندرہ جنوری کو نوٹس جاری ہونے کے باوجود وہ پیش نہیں ہوئے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پوچھاکہ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان کہاں ہیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل ان کی جگہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔وزارت پٹرولیم کے حکام نے بتایا کہ وزیر کو توہین عدالت کے نوٹس کا علم نہیں، درخواست گزار کے وکیل قمر افضل نے کہا کہ اس سے پہلے دودفعہ یہی عدالت فیصلہ دے چکی ہے، فیصلہ آج ہی سنایا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ فریقین کے وکلا سی این جی بندش سے متعلق سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ نہیں لائے، تحریری فیصلہ پڑھے بغیر فیصلہ نہیں سنایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

عدالت نے (آج) جمعرات تک رجسٹرارکو سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کی کاپی مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔