آغا سراج درانی نے ایم کیو ایم سمیت اپوزیشن جماعتوں حکومت میں شمولیت کی دعوت دے دی ، کر اچی میں جاری ٹار گٹیڈ آپر یشن سے مثبت نتائج ملے ہیں ،پولیس اور رینجرز کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی،آغا سراج درانی

بدھ 22 جنوری 2014 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے ایم کیوایم ،مسلم لیگ نواز اور مسلم لیگ فنکشنل کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ صو بے کے مفاد میں سب کو اکٹھا ہوکر چلنا چاہیے ۔وہ بدھ کو اپنے دفتر میں میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ حزب اختلاف کو مثبت کر دار ادا کر نا ہو تا ہے اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کو چلانے نہیں دیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے ۔

(جاری ہے)

آغاسراج درانی نے کہاکہ پیپلز پار ٹی مخالفین کو عوامی خدمت کیلئے پیپلز پار ٹی میں شمولیت کا ایک موقع فراہم کرے گی کیونکہ پیپلز پار ٹی مفاہمت پر یقین رکھتے ہوئے کسی کیلئے دروازے بند نہیں کر تی ۔ انہوں نے کہاکہ ممتاز علی بھٹو اگر پیپلز پار ٹی نہیں چھوڑ تے تو آج کسی بڑے مقام پر ہوتے اب وہ اپنے آپ کو تنہا محسوس کررہے ہیں ۔ آغاسراج درانی نے کہا کہ پرویز مشرف کسی کے آسرے پر وطن واپس آیا تھا اس لئے اگر اس نے کوئی جرم کیا ہوگا تو اسے سزا ملے گی نہیں تو وہ بری ہوجائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں آغاسراج درانی نے کہاکہ کر اچی میں جاری ٹار گٹیڈ آپر یشن سے مثبت نتائج ملے ہیں لہذا پولیس اور رینجرز کو مزید جد ید سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔