موجودہ حکومت تعلیمی شعبے کیلئے مزیدوسائل مختص کرنے کیلئے پرعزم ہے ، صدر ممنون حسین ، پاکستان اور برطانیہ کو تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے برطانوی ادارے کے سربراہ سے گفتگو ،برطانہ کی بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے برطانیہ کی حکومت کی ہر ممکنہ حمایت اورمعاونت کی یقین دہانی

بدھ 22 جنوری 2014 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیمی شعبے کیلئے مزیدوسائل مختص کرنے کیلئے پرعزم ہے ، پاکستان اور برطانیہ کو تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،برطانیہ کی نئی حکومت کے پاکستان کیلئے آپریشنل پلان 2011-15ء کے مطابق ہمارا ملک دنیا میں برطانوی امداد کا سب سے بڑا وصول کنندہ ہے وہ بدھ کو برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی( ڈی ایف آئی ڈی) کے کنٹری ہیڈ رچرڈ منٹگمری سے گفتگو کررہے تھے ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاکستان کیلئے برطانیہ کی معاونت اور ملک میں ڈی ایف آئی ڈی کی مدد سے شروع کئے گئے مختلف اقدامات اورمنصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

رچرڈ منٹگمری نے صدر کوادارے ، اس کے کردار اور مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم و صحت کے میدان میں ڈی ایف آئی ڈی کے ذریعہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر نے پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبے میں 2008ء سے پاکستان کو برطانیہ کی فراہم کردہ 1.174 ارب پاؤنڈ کی ترقیاتی معاونت کو سراہتے ہوئے ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے برطانیہ کے تعاون اورمعاونت کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر ممنون حسین نے مختلف اقدامات کے ذریعہ تعلیمی شعبے میں ڈی ایف آئی ڈی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کو تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ شعبہ خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔ ڈی ایف آئی ڈی کی طرف سے پاکستان کی حکومت کی سہولت کیلئے مہیا کی جانے والی معاونت کی تعریف کرتے ہوئے صدر مملکت نے اس امر پر مسرت کا اظہارکیا کہ برطانیہ کی نئی حکومت کے پاکستان کیلئے آپریشنل پلان 2011-15ء کے مطابق ہمارا ملک دنیا میں برطانوی امداد کا سب سے بڑا وصول کنندہ ہے ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ نے اس منصوبے کے تحت 1392ملین پاؤنڈ کا وعدہ کیا ہے ۔ اس موقع پر صدر نے ڈی ایف آئی ڈی کے کنٹری ہیڈ کو یقین دلایا کہ انہیں اور ڈی ایف آئی ڈی کی ٹیم کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ذمہ داریوں کی مستعدی سے ادائیگی میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ رچرڈ منٹگمری نے ملاقات پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تعلیمی شعبے پر زیادہ وسائل صرف کرنے کے حکومت کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے برطانیہ کی حکومت کی ہر ممکنہ حمایت اورمعاونت کی یقین دہانی کرائی ۔