شام معاملہ ،دونوں فریقین کس حد تک مذاکرات کیلئے رضا مند ہیں ، اخضر ابراہیمی فریقین سے علیحدہ علیحدہ ملیں گے

جمعرات 23 جنوری 2014 13:18

دمشق (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) شام کے معاملے پر ہونے والے امن مذاکرات کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اخضر ابراہیمی فریقین سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر کے اس بات کا اندازہ لگائیں گے کہ دونوں فریق کس حد تک مشترکہ مذاکرات کرنے کیلئے رضا مند ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اخضر ابراہیمی ایک ایسے وقت یہ اقدام کر رہے ہیں جب شام کے تنازعے پر سوئٹزرلینڈ میں امن کانفرنس کا پہلا روز صدر بشار الاسد کے مستقبل کے حوالے سے تلخ تقسیم کے ساتھ ختم ہو گیا۔

امید کی جا رہی ہے کہ(آج) جمعے کے روز مشترکہ مذاکرات دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ کیا دونوں فریق آمنے سامنے مذاکرات میں شرکت کریں گے یا نہیں، تاہم اقوام متحدہ کا ابتدائی منصوبہ یہی تھا۔

(جاری ہے)

امن کانفرس کے پہلے دن کے اختتام پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے شام میں امن قائم کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ بس بہت ہو گیا، شام کے تنازعے کے حل کیلئے مذاکرات کا وقت آ گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں کسی فوری کامیابی کی امید نہیں اس موقع پر شام کے لیے اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ ایلچی اخضر براہیمی نے کہا کہ وہ شامی حکومت اور حزبِ مخالف کے وفود سے الگ الگ بات کریں گے اور انھیں امید ہے کہ فریقین جمعے کو ایک کمرے میں ملاقات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :