کے وائی آئی کوکا کولا کراچی فٹبال لیگ کل سے کراچی میں کھیلی جائیگی

جمعرات 23 جنوری 2014 13:22

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) کے وائی آئی کوکاکولا کراچی فٹبال لیگ کا 11ویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ سابق چمپئن برما محمڈن اورینگ عزیز آباد ایف سی کے مابین کورنگی بلوچ اسٹیڈیم شرافی کی سرسبز فیلڈ پر (آج) جمعتہ المبارک کو4بجے شام کھیلا جائے گا۔سابق قومی فٹبالر ایم ایم غالب ، ڈائریکٹر پاک بزنس بحیثیت مہمان خصوصی گیند کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے۔

چیف کوارڈنیٹر ریاض احمد کے مطابق اس سال کراچی لیگ میں 140ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مین راوٴنڈ میں 20ٹیمیں شرکت کریں گی۔ جنہیں 10,10کے دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ گروپ ’اے‘ جسے سابق فٹبال لیجنڈ کیپٹن عمر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اس میں دفاعی چمپئن بلوچ مجاہد ابراہیم حیدری، سابق چمپئن برمامحمڈن اور2011-12کی فائنلسٹ اورمیزبان کراچی یونائیٹڈ ایف سی کے علاوہ سابق ڈی رینجرز چمپئن خیبر مسلم،ایف سی روورز،عرفان میموریل، ینگ عزیز آباد، ڈسٹرکٹ سینٹرل چمپئن معمار اسپورٹس، گلستان فرینڈزاوراصلاح بلوچ کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گر ’بی‘ جسے سابق لیجنڈ کیپٹن تراب علی کے نام منسوب کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس میں گذشتہ سال کی دو سیمی فائنلسٹ اعظم اسپورٹس اور کورنگی بلوچ شرافی کے علاوہ ماریپور گرین بلوچ، عثمان آباد یونین، واصف میموریل، ملک اسٹار، سالار ویلفیئر سینٹر، بلوچ یوتھ ملیر،جام الیون ملیر اورآغا خان جیم خانہ کی مضبوط ٹیمیں شامل گروپ ہوں گی۔ہرگروپ کی 4،4ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں کے وائی آئی اور کوکاکولا کے ایف ایل کی چھتری تلے کھیلی جانے والی لیاری، کورنگی اور سلطان آباد چمپئن شپ کی 8ٹیموں سے نبردآزما ہونگی۔

ناک آوٴٹ کی بنیاد پر کھیلی جانے والی تین چمپئن شپ میں لیاری چمپئن شپ میں لیاری کی 72ٹیمیں، کورنگی چمپئن شپ میں 32ٹیمیں اور سلطان آباد چمپئن شپ میں 16ٹیمیں باہم مقابل ہونگی۔ لیاری چمپئن شپ سے 4 سیمی فائنلسٹ جبکہ کورنگی چمپئن شپ اور سلطان آباد چمپئن شپ سے فائنلسٹ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کھیلنے کی حقدار ہونگی۔تینوں چمپئن شپ کے علیحدہ علیحدہ فائنل بھی کھیلے جائیں گے۔

فروری کے پہلے عشرے سے شروع ہونے والی چمپئن شپ میں سابق چمپئن حیدری بلوچ اورلیاری لیبر ویلفیئر سینٹرکے علاوہ بلوچ محمڈن ، کلری اسٹار، ینگ تغلق و دیگرلیاری کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ سابق چمپئن شہزاد محمڈن کورنگی چمپئن شپ میں ایکشن میں نظر آئے گی جبکہ سابق ڈسٹرکٹ ایسٹ چمپئن ہزارہ محمڈن،نیشنل فائٹر، امتیاز اسپورٹس، الشہباز ، سرحد اسپورٹس بھی ٹاپ 16میں جگہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔

سلطان آباد چمپئن شپ میں سابق چمپئن کیماڑی محمڈن اورچنیسر بلیو کے علاوہ سندھ مسلم گذری، کلفٹن شاہین ودیگر ٹیمیں مین راوٴنڈ کی ٹیموں سے مقابلے کی کوشش میں سرگرداں نظر آئیں گی۔240میچوں پر مشتمل اس لیگ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین رحیم بخش بلوچ، سیکریٹری ویسٹ جبکہ کیپٹن عبیدالله، سیکریٹری ایسٹ آرگنائزنگ سیکریٹری ہونگے۔مذکورہ مقابلوں کیلئے پیپلز اسٹیڈیم، کے پی ٹی اسٹیڈیم، بلوچ مجاہد اسٹیڈیم ، ابراہیم حیدری، کورنگی بلوچ اسٹیڈیم شرافی، محمدی اسٹیڈیم میمن گوٹھ ، آغا خان جیم خانہ گراوٴنڈ گارڈن ویسٹ ودیگر استعمال کیے جائیں گے۔

کراچی لیگ کے 11ویں ایڈیشن کو کراچی یوتھ انی شیٹواورکوکاکولا کی مکمل سرپرستی اوراسپانسر شپ حاصل ہے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح کو ڈھائی لاکھ ،رنر اپ کو ایک لاکھ اوربرانز میڈلسٹ کوپچاس ہزار روپے کے علاوہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور ٹاپ اسکورر کو20,20ہزار ، فیئرپلے 10ہزار، بہترین ریفری ،بہترین گول کیپر، بہترین منیجر اور ایمرجنگ پلیئر کو 5,5ہزار روپے کے کیش پرائز ملیں گے۔

متعلقہ عنوان :