خیبرپختونخوا میں نیٹو سپلائی روٹ کی بندش کا اصل نقصان پاکستانیوں کا ہورہا ہے ،امریکی سفیر رچرڈ اولسن

جمعرات 23 جنوری 2014 14:33

خیبرپختونخوا میں نیٹو سپلائی روٹ کی بندش کا اصل نقصان پاکستانیوں کا ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا میں نیٹو سپلائی روٹ کی بندش کا اصل نقصان پاکستانیوں کا ہورہا ہے، آئندہ ہفتے کے پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات میں ڈاکٹر شکیل آفریدی ایشو پر بھی بات ہوگی۔ایک انٹرویو میں امریکی سفیر نے کہاکہ اسٹریٹجک مذاکرات کے فوری بعد تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پاک امریکا وزراء تجارت کی بات چیت بھی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے تو نیٹو روٹ کیلئے سرحدیں کھلی رکھنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔ اصل نقصان تو ٹرک والوں اور بزنس مین کا ہورہا ہے، ہمارے پاس تو فضائی روٹ، وسطی ایشیاء کے متبادل روٹ ہیں۔رچرڈ اولسن نے پاکستان میں طالبان سے مذاکرات کی حکومتی کوششوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ایسی کوششوں کے بامعنی آغاز کے وقت سابق طالبان سربراہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کو امریکہ کیلئے ناگزیر بھی قرار دیا۔

(جاری ہے)

سوات سے بھاگ کر افغانستان میں پناہ لینے والے نئے ٹی ٹی پی سربراہ ملا فضل اللہ کو نشانہ نہ بنانے کے سوال پر امریکی سفیر نے اسے آپریشنل معاملہ قرار دیا۔رچرڈ اولسن نے پاک امریکا شراکت داری کو پاکستانی عوام کی سماجی، معاشی ترقی کیلئے بہت اہم قرار دیا جبکہ پاکستان کیلئے امداد کو مشروط کرنے کے اقدامات کو امریکی کی عالمی خارجہ پالیسی کا حصہ بھی قرار دیا۔