پچھلے الیکشن میں پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے مل کر عوامی مینڈیٹ چرایا تھا، آج پھر یہی کوشش کی جارہی ہے، راجہ فاروق حیدر

جمعرات 23 جنوری 2014 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا ہے کہ2011کے الیکشن بھی پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس نے مل کر عوام کا مینڈیٹ چرایا تھا اور آج ایک بار پھر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس ملکر حلقہ ایل اے22-میں عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے کے درپے ہیں لیکن اس بار پاکستان مسلم لیگ(ن)آزاد جموں وکشمیر ان کو عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قبل از وقت انتخاب میں دھاندلی کے تحت من پسند آفیسران کو حلقے میں تعینات کیا، حلقہ میں ترقیاتی اسکیموں کے اعلانات اور لوکل گورنمنٹ اور ذکوٰة فنڈ کے چیک تقسیم ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم کے ان اقدامات کا نوٹس لے کہ وہ پلندی میں بیٹھ کر حلقہ انتخاب پر اثر انداز ہونے کیلئے سرکاری اتھارٹی استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مزیدکہا کہ وزیراعظم مجید کے دھیر کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب سے لوگوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کہ وہ سردار قیوم خان کو قائد اعظم ثانی کا خطاب دے رہے ہیں اور انہوں نے بار ایسوسی ایشن کو سردار قیوم اور عتیق خان کے نام پر جو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے دراصل چوہدری مجید نے بلوچ میں مسلم کانفرنس کیطرف سے پیپلز پارٹی کو جتوانے کیلئے ایک نام نہاد امیدوار کو ٹکٹ دینے کا صلہ دیا ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہم سردار قیوم خان کا احترام کرتے رہے ہیں لیکن وہ قائد اعظم ثانی نہیں ہو سکتے، چوہدری مجید نے دھیر کوٹ میں خطاب کرتے ہوئے ایک طرف تو دھیر کوٹ میں راستہ روکنے والوں کا ذکر کرکے انہی کی طرف اشارہ کیا اور دوسری طرف چاپلوسی کرتے ہوئے اپنا روایتی کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن والے بھی ہوشیار رہیں کہ کہیں سردار قیوم کے نام سے اعلان کردہ دو لاکھ روپے بار ایسوسی ایشن کو ملنے کے بجائے ڈائریکٹ عتیق خان کے اکاؤنٹ میں نہ ٹرانسفر ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری مجید نے شاہرائے دھیر کوٹ کا افتتاح سردار عبدالقیوم خان صاحب سے کروانے کا اعلان بھی کیا ہے اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ عطا کرے لیکن چوہدری مجید نے ان سے سڑک کا افتتاح کروانے کا اعلان کرکے لوگوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ نہ نومن تیل ہو گا نہ رادھا ناچے گی۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس مل کر بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کا مقابلہ نہیں کر سکتے مظفر آباد کا گذشتہ ضمنی انتخاب زیادہ پرانی بات نہیں ہے جہاں مسلم لیگ(ن) نے سات جماعتی اتحاد کو شکست فاش دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس سے نفرت کرتے ہیں اور مظفر آباد کے ضمنی الیکشن کیطرح اس بار بھی ان کے جھانسے میں قطعاً نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخاب کے دوران کسی سرکاری ملازم نے اپنے فرائض منصبی سے غفلت برتتے ہوئے پارٹی بننے کی کوشش کی تو وہ اپنا انجام بھی خود سوچ لے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بلوچ کا ضمنی الیکشن فاروق طاہر کا نہیں بلکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اور میاں محمد نواز شریف کا ہے اورفاروق طاہر کو پڑنے والا ووٹ میاں محمد نواز شریف کو پڑنے والا ووٹ تصور ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مظفر آباد کے ضمنی الیکشن کی طرح مسلم لیگی کارکنان22فروری کا بھی بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ جب حلقہ بلوچ میں ان کرپٹ حکمرانو ں کوعوامی غضب کا نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حلقہ کے مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان کی کارگذاری پر بھی نظر رکھی ہوئی ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ22فروری کوعوام اور مسلم لیگی کارکنان تمام تعصبات اور ذات برادری سے بالاتر ہو کر صرف مسلم لیگ (ن) کے سبز ہلالی پر چم تھا م کر شیر پر کامیابی کی مہر ثبت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :