لاہور ہائیکورٹ نے مہمان پرندوں کے شکارپر پابندی عائد کردی ،مرکزی و صوبائی حکومت سے جواب طلب

جمعرات 23 جنوری 2014 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے سائبیریا سے آنے والے مہمان پرندوں کے شکارپر پابندی عائد کرتے ہوئے مرکزی اور پنجاب حکومتوں سمیت دیگر فریقین کے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10تک کیلئے ملتوی کر دی ۔جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منصو ر علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سائبیریا سے ہر سال لاکھوں مہمان پرندے پاکستان کا رخ کرتے ہیں ۔

عالمی قوانین کے تحت نایاب پرندوں کا شکار نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی انکی خرید و فروخت کی جا سکتی ہے مگر حکومت نے قوانین کے برعکس دوست ممالک کو ان پرندوں کے شکار کی اجازت دے رکھی ہے جبکہ یہ پرندے عام مارکیٹوں میں بھی فروخت کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان پرندوں کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالتی معاون جاوید اقبال جعفری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 1992میں پرندوں کے تحفظ کے لئے دائر درخواست میں وفاقی حکومت پہلے ہی بیان حلفی جمع کرا چکی ہے کہ نایاب پرندوں کے شکار کے لئے کوئی لائسنس جاری نہیں کیاجائے گا اگر اسکے باوجود کوئی لائسنس جاری کیا گیا ہے تو عدالت کو یہ معاملہ خود دیکھنا چاہیے ۔

جس پر عدالت نے سائبیریا سے آئے مہمان پرندوں کے شکار پر پابندی عائد کرتے ہوئے مرکزی و پنجاب حکومتوں سمیت دیگر فریقین کو 10فروری کیلئے نوٹسز جاری کر دئیے ۔

متعلقہ عنوان :