لیڈی ولنگڈن ہسپتال کو بادامی باغ منتقل نہیں کیا جائیگا ،آؤٹ ڈور سائٹ پر سٹیٹ آف دی آرٹ جدید ہسپتال تعمیر ہو گا ’ خواجہ سلمان رفیق ،نئے ہسپتال کی تعمیر تک پرانی عمارت نہیں گرائی جائے گی ‘سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال گائنی کی جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا ،منصوبے کے مطابق ہسپتال کی نئی عمارت ایک سال میں مکمل کر لی جائیگی ،2 ارب روپے لاگت آئے گی‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت

جمعرات 23 جنوری 2014 21:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کو بادامی باغ منتقل نہیں کیا جا رہا ،بلکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو گائنی کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہسپتال کی آؤٹ ڈور سائٹ پر 300 بستروں پر مشتملجدید طبی آلات و مشینری سے آراستہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا اور نئے ہسپتال کی تعمیر مکمل ہونے تک پرانی بلڈنگ مسمار نہیں کی جائے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امراض نسواں کے علاج اور گائنی کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کو اپ گریڈ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے تحت ہسپتال کے آؤٹ ڈور کی جگہ پر لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی جدید عمارت تعمیر کی جائے گی جو تمام جدید سہولیات اور بائیو میڈیکل آلات اور تشخیصی سہولیات سے آراستہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتال کی تعمیر سے نا صرف لا ہور بلکہ دیگر شہروں کے لوگوں کو بھی جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نئے ہسپتال میں جدید آپریشن تھیٹرز اور وارڈز قائم کئے جائیں گے اور اس منصوبے پر2 ارب روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کو بادامی باغ منتقل کرنے کا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ منصوبے کے مطابق جدید ہسپتال کی تعمیر ایک سال کے اند رمکمل کر لی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :