پاکستان کی موجودہ حکومت دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتی ہے ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،سویڈش کمپنی کو ادائیگی کے معاملہ کا جائزہ لیکر جلد حل کیلئے کشمیر حکومت میں متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں گے ، سویڈن کے سفیر سے گفتگو

جمعرات 23 جنوری 2014 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتی ہے ۔ جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان میں سویڈن کے سفیر ٹومس روسینڈر نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیاگیااس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں اس کی توجہ تجارت و سرمایہ کاری پر مرکوز ہے۔

سویڈن کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بڑھانا چاہتا ہے، اس سلسلے میں سویڈن کے تاجروں کا ایک وفد رواں سال سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سویڈن کی کمپنی کے تعاون سے 30.4 میگا واٹ کے جاگران1- ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سویڈش کمپنی کو ادائیگی کے معاملہ کا جائزہ لے کر اسے جلد حل کے لئے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت میں متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں گے۔ملاقات میں وزارت خزانہ کے مشیر ، سیکرٹری امور کشمیر اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :