حکومتی رٹ تسلیم نہ کرنیوالے طالبان کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی، سرتاج عزیز

بدھ 29 جنوری 2014 11:47

حکومتی رٹ تسلیم نہ کرنیوالے طالبان کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی، سرتاج ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2014ء) وزیراعظم کے امورِ خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ جو لوگ دہشت گرد ہیں ان کا تعلق جہاں سے بھی ہو انھیں حکومت کی عمل داری تسلیم کرنا ہو گی ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع چک ہیگل سے ملاقات بھی کی۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا شدت پسندوں کے خلاف کسی بھی کار روائی کے لیے ملک کی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انھوں نے امریکہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جو بھی پاکستان کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پروگروام ہے ان کو تیز کرنے کی ضرورت ہے اور ان سب معاملات پر بات ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے جامع پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ سات ماہ میں پاک امریکا تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کا حل مذاکرات سے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں میں شہریوں کی ہلاکت سے مسائل بڑھتے ہیں۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مستقبل سے متعلق پیش گوئی مشکل ہے تاہم افغانستان میں خانہ جنگی کا زیادہ امکان نہیں وہاں شدت پسندی ہے جس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

دریں اثنا مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع چک ہیگل سے ملاقات بھی کی۔ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت سیکریٹری دفاع آصف یاسین ملک اور پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاک امریکا دفاعی تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ سلامتی اور دفاعی امور میں باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :