حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے انکار

جمعہ 31 جنوری 2014 19:46

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے انکار

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جنوری۔2014ء)وزارت خزانہ پھر عوام سے ہاتھ کر گئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اوگرا کی سفارشات مسترد کرکے خود ساختہ سبسڈی کا اعلان کر دیا۔ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں تین روپے چار پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے ستائیس پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے چار روپے، ہائی اوکٹین کی قیمت میں چار روپے اڑتالیس پیسے فی لٹر کمی کی سفارش کی تھی۔

وزارت خزانہ نے پٹرول، ڈیزل اور ایچ او بی سی کی قیمتیں موجود سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق فروری کے دوران پٹرول کی قیمت ایک سو بارہ روپے چھہتر پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت ایک سو سولہ روپے پچہتر پیسے اور ہائی اوکٹین کی قیمت ایک سو اکتالیس روپے تئیس پیسے فی لٹر کی سطح پر برقرار رہے گی تاہم مٹی کے تیل کی قیمت ایک روپیہ چوبیس پیسے فی لٹر کمی کے ساتھ ایک سو چھ روپے چھہتر پیسے اور ایل ڈی او کی قیمت ایک روپیہ دو پیسے کمی کے ساتھ ایک سو روپیہ بائیس پیسے فی لٹر رہے گی۔

(جاری ہے)

نئی قیمتوں پر عملدرآمد رات بارہ بجے سے ہو گا۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اکہتر پیسے، ہائی اوکٹین کی قیمت میں چار روپے تینتیس پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ چھ پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی اور تین مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی مد میں حکومت صارفین کو ایک ارب کی سبسڈی دے گی۔