عدالت کی اجازت کے بعد شاہ زین بگٹی کی قیادت قافلہ ڈیرہ بگٹی روانہ

ہفتہ 1 فروری 2014 17:14

عدالت کی اجازت کے بعد شاہ زین بگٹی کی قیادت قافلہ ڈیرہ بگٹی روانہ

ڈیرہ بگٹی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1 فروری 2014ء)بگٹی مہاجرین کے قافلے کے شرکاء عدالت سے اجازت ملنے کے بعد نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی قیادت میں ڈولی چیک پوسٹ سے ڈیرہ بگٹی کے لئے روانہ ہوگئے،دو ہفتے کے دھرنے کے بعد بگٹی مہاجرین کا قافلہ بلوچستان ہائی کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد ڈیرہ بگٹی روانہ ہوگیا۔

قافلے میں بزرگ، خواتین اور بچے شامل ہیں جو 9 سال بعد اپنے آبائی علاقے جانے پر انتہائی خوش ہیں۔اس موقع پر شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ ڈیرہ بگٹی جانے پر بہت خوش ہیں اور عدالت کے شکرگزار ہیں۔بگٹی مہاجرین سے اظہار یکجہتی کے لئے چیف آف کلپر جلال خان کلپر بگٹی اور طارق میسوری بگٹی بھی قافلے کے ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بگٹی قبائل کے درمیان دشمنیاں ختم ہوگئی ہیں اور اب ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

بگٹی مہاجرین کا قافلہ جب ڈولی چیک پوسٹ پہنچا تو انہیں روک لیا گیا، اسسٹنٹ کمشنرڈیرہ بگٹی قاسم بگٹی کا کہنا تھا کہ روزانہ سو افراد کو ڈیرہ بگٹی جانے کی اجازت دی جائے گی، جس کے بعد شاہ زین بگٹی کی قیادت میں صحافیوں اور قافلے کے شرکاء سمیت سو افراد ڈیرہ بگٹی روانہ ہوگئے، شاہ زین بگٹی کی سوئی آمد کے موقع پر ان کے مخالف وڈیروں کی جانب سے احتجاج کیاگیا، دکانیں اور بازار بند رہے۔