طالبان کی جانب سے پر تشدد کارروائیاں بند ہونے تک مذاکرات کا فائدہ نہیں، حکومتی کمیٹی

منگل 18 فروری 2014 15:40

طالبان کی جانب سے پر تشدد کارروائیاں بند ہونے تک مذاکرات کا فائدہ نہیں، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء) طالبان سے مذاکرات کے لئے قائم حکومتی کمیٹی نے کہا ہے کہ جب تک طالبان کی جانب سے پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا جاتا تو اس وقت تک طالبان کمیٹی سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں انہیں مذاکرات کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بریفنگ دی، اس موقع پر حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف کو بتایا کہ جب تک طالبان کی جانب پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ مکمل طور بند نہیں کیا جاتا تو اس وقت تک مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا، کراچی اور مہمند ایجنسی کے واقعات سے مذاکرات کے عمل کو شدید نقصان پہنچا ہے، گزشتہ 13 دنوں میں طالبان کی جانب سے دہشت گردی کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں، ایسی صورت حال میں طالبان کمیٹی سے مذاکرات بے نتیجہ ہوں گے، اس طرح مذاکرات کر کے ملک و قوم کا وقت اور پیسہ برباد نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف کو یقین دہانی کرائی کہ ملک و قوم کے لئے ان کی خدمات حاضر ہیں اس حوالے سے وہ جو بھی فیصلہ کریں گے کمیٹی اس پر عمل کرے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے مذاکراتی کمیٹی کو بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آپس میں مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلی فوجی قیادت سے رابطے کے بعد ہی وزیراعظم نواز شریف اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔واضح رہے کہ حکومتی کمیٹی نے مہمند ایجنسی میں طالبان کی جانب سے 23 ایف سی اہلکاروں کے قتل کے بعد گزشتہ روز ہونے والی ملاقات بھی منسوخ کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :