حکومت سندھ صوبے میں تعلیم کی ترویج اور مثبت بہتری کے لئے اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ، امریکی حکومت 155 ملین ڈالر کی رقم سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے سندھ میں 120 اسکولوں کو نئے سرے سے تعمیر کرے گی،امریکی سفیر

منگل 18 فروری 2014 22:09

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے میں ماڈرن اسکولوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، یو ایس ایڈ اور سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام (ایس بی ای پی) کے تعاون سے سندھ میں 155 ملین ڈالرز کی خطیر رقم سے 120 اسکولز تعمیر کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور کے قریب کوڑہ گوٹھ میں اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

،اس موقع پر پاکستان میں امریکی سفیررچرڈاولسن نے بھی خطاب کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں تعلیم کی ترویج اور مثبت بہتری کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی جانب سے خیرپور کے گوٹھ کوڑہ میں اسکول کی تعمیر خوش آئند بات ہے، یو ایس ایڈ کی جانب سے 16 بلین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس سے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور دیگر شعبوں میں بہتری آئے گی، حکومت سندھ، یو ایس ایڈ کے ساتھ مل کر پسماندہ علاقوں میں مزید اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لئے 7 ڈسٹرکٹس میں کام چل رہا ہے اور حکومت صوبے میں تعلیم کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں اسمبلی میں بل بھی پاس کیا گیا ہے، حکومت سندھ یو ایس یڈ کے ساتھ مل کر مثالی اسکولز بنانا چاہتی ہے۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ پاکستان میں نظام تعلیم کو جدید خطوط پر استوارکرنے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت 155 ملین ڈالر کی رقم سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے سندھ میں 120 اسکولوں کو نئے سرے سے تعمیر کرے گی، حکومت سندھ کی جانب سے 10 ملین ڈالر کی اضافی رقم بھی اس منصوبے کے لئے مختص کی گئی ہے، 20 امریکی اور پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان اشتراک، ملک بھر میں 90 ٹیچرز ٹریننگ کالجز میں نئے ڈگری پروگراموں کا اجراء اور پاکستانی طلبہ کے لئے اعلیٰ تعلیم کے اسکالر شپ کے پروگرام بھی شامل ہیں۔