مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی بھی فارم میں نظر نہیں آتی، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 22 فروری 2014 14:34

مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی بھی فارم میں نظر نہیں آتی، شاہ محمود قریشی

ملتان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22فروری 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے حکومتی پالیسی کا کوئی علم نہیں اور حکومتی کمیٹی بھی فارم میں نظر نہیں آتی۔ پشاور میں شہید ہونے والے میجر جہانزیب کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شاید آپریشن کا فیصلہ ہو چکا ہے تاہم 24 فروری کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے امید ہے اس اجلاس میں حکومت اپنے لائحہ عمل پر اعتماد میں لے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بات آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ آئین کو تسلیم اور سیز فائر کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی کے بیانات کہ عمران خان بجلی چوروں کی پشت پناہی کر رہے ہیں انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت اپنی ناقص کارکردگی کو صرف بیانات سے نہیں چھپا سکتی بلدیاتی انتخاب کے حوالے سے تحریک انصاف کے وائس چئیرمین کا کہنا تھا کہ حکومت انتخابات سے بھاگی ہے تاہم تحریک انصاف کے پی کے میں شفاف انتخابات کرائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مشرف کے مستقبل کے بارے میرے پاس علم نجوم نہیں ہے تاہم مشرف کو عدالت میں اپنا پورا پورا مؤقف پیش کرنے کا حق ہے۔

متعلقہ عنوان :