وزیراعظم نواز شریف سے جنرل راحیل شریف کی ملاقات ،ڈی جی ایم او نے آپریشن کی صورت میں نقشوں کی مدد سے اہداف پر بریفنگ دی،ون آن ون ملاقات کے بعد وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز بھی ملاقات میں شریک ہوئے،ہتھیار اٹھانے والوں کیخلاف کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق ہو گیا‘ ذرائع،حکومت رٹ چیلنج کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی ‘ نواز شریف

بدھ 26 فروری 2014 22:15

وزیراعظم نواز شریف سے جنرل راحیل شریف کی ملاقات ،ڈی جی ایم او نے آپریشن ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ،اس دوران ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز نے آپریشن کی صورت میں نقشوں کی مدد سے اہداف پر بریفنگ دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو سرحدی صورتحال اور قومی سلامتی پر بریفنگ بھی دی۔

ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنزعامر ریاض اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز نے شرکا کو آپریشن کی صورت میں نقشوں کی مدد سے اہداف پر بریفنگ بھی دی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات میں ہتھیار اٹھانے والے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق ہو گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں نواز شریف اور جنرل راحیل کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وزیر داخلہ ، وزیر دفاع ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری آپریشنز بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت نے عسکری قیادت کو داخلی سلامتی پالیسی پر اعتماد میں لیا جبکہ عسکری قیادت نے شمالی وزیرستان میں فضائی حملوں کے نتائج سے سیاسی قیادت کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں ہتھیار نہ ڈالنے والے دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کاروائی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ مذاکرات کرنے والوں کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔