وزیراعظم سے شہباز شریف کی ملاقات، طالبان کی جنگ بندی سمیت اہم امور پر غور

اتوار 2 مارچ 2014 18:56

وزیراعظم سے شہباز شریف کی ملاقات، طالبان کی جنگ بندی سمیت اہم امور ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت اعلٰی سطح کا اجلاس لاہور میں جاری ہے۔ اجلاس میں طالبان کی جانب سے سیزفائر کے اعلان کے بعد پیدا شدہ صورتحال سمیت اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال جاری ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ نواز کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں جاری اعلٰی سطح کے اجلاس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ وزیر اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف اور وفاقی وزرا سمیت دیگر لیگی رہنما شریک ہیں اعلٰی سطح کے اس اجلاس میں جھنگ میں ضمنی انتخاب اور توانائی کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس سے قبل جاتی امراء رائیونڈ لاہور میں وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے حکومت کوشش کر رہی ہے اور کرپشن نے ملک کو جس دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے اس سے نکالنے کے لئے مسلم لیگ ن کی حکومت تمام شعبوں پر خصوصی توجہ مبذول کئے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت انشا اللہ موجودہ دور میں قوم کو لوڈ شیڈنگ اور دیگر بحرانوں سے نجات دلائے گی۔