حکومت کا طالبان کیخلاف جنگ بندی کا اعلان

اتوار 2 مارچ 2014 22:25

حکومت کا طالبان کیخلاف جنگ بندی کا اعلان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان کے بعد حکومت نے بھی جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ تمام فضائی کارروائیوں کو معطل کر دیا گیا۔ وزارات داخلہ کی طرف جاری بیان کے مطابق حکومت نے طالبان کے خلاف جنگ بندی کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ تمام تر فضائی فضائی کارروائیوں کو معطل کر دیا۔ حکومت کی طرف سے جنگ بندی کا باضابطہ طور پر اعلان وزیر داخلہ چودھری نثار نے کیا، ان کا یہ بھی کہنا تھا حکومت طالبان کی جنگ بندی کو مثبت پیشرفت سمجھتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ سال جون میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی اس وقت سے نہ تو کوئی باقاعدہ ملٹری آپریشن کیا گیا اور نہ ہی کسی قسم کی بلاجواز کارروائی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران جو بھی کارروائی ہوئی ہے وہ تشدد کی کارروائیوں کے ردعمل میں اور انہیں روکنے کیلئے کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی بھی پرتشدد کارروائی کے خلاف حکومت اور افواج پاکستان مناسب جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے ایک ماہ کیلئے جنگ بندیکا اعلان کیا تھا اور انہوں نے کہا تمام حلقوں کو جنگ بندی کا احترام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ناراض گروپوں کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔ شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ نیک مقاصد اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا ہے اس لیے مذاکراتی عمل میں پیدا شدہ ڈیڈ لاک کے خاتمے اور جنگ بندی کیلئے طالبان کی تجاویز کا حکومت نے مثبت جواب دیا ہے اور ان تجاویز پر عملدر آمد کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی کا فیصلہ علمائے کرام کی کی اپیل طالبان کمیٹی کے احترام اور سب کے بہتر مفاد میں کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ حکومت اس اعلان پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور مذاکراتی عمل کو ہر قسم کی سیاست سے دور رکھ کے اس معاملے پر مثبت پیش رفت کرے گی۔