Live Updates

طالبان کی سیاسی شوریٰ سے مذاکرات ، حکومت نے کمیٹی قائم کرنے کیلئے سیاسی رہنماوٴں سے رابطے ، وزیر داخلہ چوہدری نثار کا تحریک انصاف ، جمعیت علمائے اسلام ، قومی وطن پارٹی کی قیادت سے رابطہ ، عمران خان کی مکمل تعاون کی یقین دہانی

اتوار 9 مارچ 2014 14:03

طالبان کی سیاسی شوریٰ سے مذاکرات ، حکومت نے کمیٹی قائم کرنے کیلئے سیاسی ..

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) طالبان کی سیاسی شوریٰ سے مذاکرات کیلئے حکومت نے کمیٹی قائم کرنے کیلئے رابطے شروع کر دیئے ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف ، جمعیت علمائے اسلام ، قومی وطن پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی ہے ، ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو فون کر کے تحریک انصاف کے قائدین کی کمیٹی میں شمولیت پر گفتگو کی ، اس موقع پر عمران خان نے امن مذاکرات میں حکومت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی ہے ، تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ جمعیت علمائے اسلام ، قومی وطن پارٹی کی قیادت سے بھی تجاویز طلب کی ہیں ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جمعرات تک حکومتی کمیٹی کا اعلان ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

جس کیلئے حکومت نے 5ناموں پر اتفاق کر لیا ہے جن پر مشاورت کی جا رہی ہے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کمیٹی کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن ، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر اکرم خان درانی ، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پاوٴ جبکہ مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کا نام لیا جا رہا ہے ، جن کے ناموں کی حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو خصوصی ٹاسک سونپا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات