پشاور اور کوئٹہ میں ہونیوالے بم دھماکوں کی ذمہ داری احرارالہند نامی تنظیم نے قبول کرلی ،حکومت ،طالبان کے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ،آئندہ بھی اس طرح کے حملے کئے جائینگے‘سربراہ عمر قاسمی

جمعہ 14 مارچ 2014 22:39

پشاور اور کوئٹہ میں ہونیوالے بم دھماکوں کی ذمہ داری احرارالہند نامی ..

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) پشاور اور کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکوں کی ذمہ داری احرارالہند نامی تنظیم نے قبول کرلی ۔نجی ٹی وی نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ تنظیم احرارالہند کے سربراہ عمر قاسمی کا کہنا تھا کہ پشاور اور کوئٹہ میں ہونے والے دونوں بم دھماکے انکی تنظیم نے کئے، ہمارا حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں اور آئندہ بھی اس طرح کے حملے کئے جائیں گے جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ پشاور کے نواحی علاقے پٹہ تل بازار میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر خود کش حملے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور اے ایس آئی سمیت 35 افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ کوئٹہ میں پرنس روڈ پر سائنس کالج چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 3 مارچ کو جو خود کش حملہ اور بم دھماکا کیا گیا تھا اس کی ذمہ داری بھی احرارالہند نامی تنظم نے قبول کی تھی جس میں جج سمیت 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے جبکہ تنظیم کے ترجمان کا برطانوی نشریاتی ادارے سے فون پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں شریعت کے نفاذ تک ہم اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔