مظفر آباد: مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتوں کیخلاف مظاہرین کا صدارتی کیمپ آفس پر پتھراؤ

بدھ 19 مارچ 2014 11:32

مظفر آباد: مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاکتوں کیخلاف مظاہرین کا صدارتی کیمپ ..

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مارچ 2014ء) لوہار گلی میں مٹی کا تودہ گرنے سے محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشرف اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوگئے جس پر شہریوں نے مظاہرہ کرکے سڑک بلاک کردی۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشرف اپنی بیٹی کو واپس لے کر آرہے تھے کہ لوہار گلی میں مٹی کا تودہ اچانک ان کی گاڑی پر آگرا جس سے ڈاکٹر اشرف اور ان کی بیٹی گاڑی میں ہی دب گئے، مقامی لوگوں نے دونوں کو گاڑی سے نکالنے کی کوشش تاہم تمام کوششیں ناکام ہوگئی اور ڈاکٹر اشرف اور ان کی بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے سڑک بلاک کرکے واقعے کے خلاف احتجاج شروع کردیا، مظاہرین نے لوہار گلی سے کچھ دور واقع صدارتی کمیپ آفس پر پتھراؤ کیا اور اسے آگ لگانے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کردیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسی مقام پر اس طرح کے متعدد حادثات پیش آچکے ہیں تاہم انتظامیہ نے عوامی شکایات کے باوجود اب تک اس حوالے سے کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کئے۔