ترک فضائیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شامی جنگی جہاز مار گرایا ‘ وزیر اعظم ،ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جائے گی تو ہمارا رد عمل شدید ہو گا‘ طیب اردگان

اتوار 23 مارچ 2014 21:09

ترک فضائیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شامی جنگی جہاز مار گرایا ‘ ..

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوگان نے کہا ہے کہ ترک فضائیہ نے ایک شامی جنگی جہاز مار گرایا ہے جس نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔یہ واقعہ اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں ہوا جہاں شامی باغیوں اور شام کی سرکاری افواج کے درمیان ایک سرحدی کراسنگ پر قبضے کے لیے لڑائی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ترک وزیراعظم نے فضائیہ کو اس کارروائی پر مبارکباد دی اور شام کو مخاطب کر کے کہا کہ اگر ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جائے گی تو ہمارا رد عمل شدید ہو گا ۔

شام نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے مگر اس سے قبل بیان جاری کیا جس میں لتاکیہ کے علاقے میں ترک مداخلت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔دمشق میں وزارتِ خارجہ کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ قصب کے سرحدی علاقے میں گزشتہ دو دنوں سے شام کی خودمختاری کی بلاجواز خلاف ورزی کرنا ثابت کرتا ہے کہ ترکی شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔