لاپتہ طیارے کی پراسرار گمشدگی کا معمہ شائد کبھی حل نہ ہو پائے، ملائیشین حکام

بدھ 2 اپریل 2014 19:28

لاپتہ طیارے کی پراسرار گمشدگی کا معمہ شائد کبھی حل نہ ہو پائے، ملائیشین ..

کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2014ء) ملائیشیا کے اعلیٰ پولیس حکام نے کہا ہے کہ لاپتا طیارے کا معمہ اب شائد کبھی حل نہیں ہوگا۔دارالحکومت کوالالمپور میں ملائیشین پولیس چیف ابوبکر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لاپتا طیارے کی تحقیقات کے 3 ہفتے گزرنے کے باوجود اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا جو اس بات کا اشارہ ہے کہ اس پراسرار گمشدگی کی وجہ شائد کبھی معلوم نہ ہوسکے گی اور نہ ہی ہم اس حادثے کی اصل حقیقت کبھی جان سکیں گے تاہم جہاز کی تلاش کا سلسلہ پھر بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاملے کی مجرمانہ جانچ جاری رہے گی کیونکہ ہمیں عوام کے سامنے تمام چیزوں کی وضاحت کرنی ہے، اب تک طیارے کے پائلٹ اور عملے کے اہل خانہ کے افراد سے بات چیت کے ساتھ طیارے میں موجود ساز وسامان اور کھانے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

ملائیشین پولیس چیف نے کہا کہ ہم عملے کے 12 ارکان سمیت 239 افراد اور گراؤنڈ کے عملے اور فلائٹ انجینئرز کے پس منظر کی بھی تحقیقات کررہے ہیں لیکن اس موقع پر بدقسمت طیارے کے مسافروں کے خاندان والوں کے ساتھ صرف ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق آسٹریلیا کے شہر پرتھ پہنچے جہاں انہوں نے آسٹریلوی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں آسٹریلوی وزیر اعظم نے انہیں جہاز کی تلاش جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی، نجیب رزاق نے بحر ہند کے جنوب میں جہاز کی تلاش کی سربراہی کرنے والے کرنے والے جوائنٹ ایجنسی کوارڈینیشن سینٹر (جے اے سی سی) کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :