کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنی مرکزی ویب سائٹ لانچ کرنے کا اعلان ، ویڈیوز، رسائل، بیانات، اعلانات، مرکزی ترجمان کی سٹیٹمنٹس اور نظمیں ویب سائٹ پر مل سکیں گی، تحریک طالبان پاکستان کا کسی بھی معاملے میں جو بھی موقف ہوگاویب سائٹ سے ملے گی ، ترجمان کا بیان

ہفتہ 5 اپریل 2014 23:23

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنی مرکزی ویب سائٹ لانچ کرنے کا اعلان ..

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنی مرکزی ویب سائٹ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق تنظیم کی طرف سے بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا کہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے نشر ہونے والی تمام تازہ ترین ویڈیوز، رسائل، بیانات، اعلانات، مرکزی ترجمان کی سٹیٹمنٹس اور نظمیں اب اس ویب سائٹ پر مل سکیں گی۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ تحریک طالبان پاکستان کی خبروں اور ویڈیوز کو نشر کرنے کا مجاز ادارہ صرف’عمر میڈیا‘ ہے اور اس کے علاوہ کوئی اور ادارہ تحریک طالبان پاکستان کی طرف کوئی خبر اور ویڈیو منسوب کرکے نشر کرے تو اسے صحیح نہ سمجھا جائے۔تنظیم نے کہاکہ تحریک طالبان پاکستان کا کسی بھی معاملے میں جو بھی موقف ہوگا، یا ترجمان نے کسی واقعے کی ذمہ داری قبول کرنی ہو گی یا تردید کرنی ہو گی وہ اس ویب سائٹ سے یا مرکزی ترجمان کے اپنے ای میل ایڈرس سے شائع ہو گی۔

(جاری ہے)

تنظیم نے کہا کہ آج کے بعد کوئی بھی تحریک طالبان پاکستان کی طرف کچھ منسوب کرکے نشر کرے تو اسے اس وقت تک درست اور صحیح نہ سمجھاجائے، جب تک کہ اس کی تصدیق خود تحریک طالبان پاکستان کی یہ مرکزی ویب سائٹ یا مرکزی ادارہ برائے نشر واشاعت ’عمر میڈیا, جہادی میڈیا پر عالمی اسلامی میڈیامحاذ‘ کے ذریعے بیان جاری کرکے نہ کردے۔