وزیراعظم نواز شریف سے آصف علی زرداری کی ملاقات، کئی اہم امور پر بات چیت

بدھ 16 اپریل 2014 13:37

وزیراعظم نواز شریف سے آصف علی زرداری کی ملاقات، کئی اہم امور پر بات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16اپریل 2014ء) وزیراعظم نوازشریف سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ملاقات جاری ہے جس میں عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان تعلقات میں تناؤ اور تحفظ پاکستان آرڈیننس کے حوالے سے بات کی جارہی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں آج شام ہونے والی اس ملاقات میں سابق صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سینیٹر رضا ربانی اور مشیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ موجود ہیں جب کہ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی حامد زاہد شریک ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور آصف علی زرداری ملک کو درپیش مسائل، عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان بڑہتی ہوئی تلخی، طالبان سے مزاکرات اور تحفظ پاکستان آرڈیننس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر 18 ویں ترمیم پر عملدرآمد کے حوالے سے سندھ حکومت کے تحفظات پر بھی بات کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر اسحاق ڈار سابق صدر کو معاشی حوالوں سے کئے گئے فیصلوں جبکہ زاہد حامد تحفظ پاکستان آرڈیننس سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دیں گے۔ واضح رہے کہ عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان بڑہتی ہوئی خلیج کے پیش نظر دونوں رہنماؤں کے درمیان اس ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔