نئی دلی میں ڈاکٹروں نے مریض کے پیٹ سے سونے کی 12 ڈلیاں نکال لیں

ہفتہ 19 اپریل 2014 15:06

نئی دلی میں ڈاکٹروں نے مریض کے پیٹ سے سونے کی 12 ڈلیاں نکال لیں

نئی دلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اپریل 2014ء) بھارتی دارالحکومت کے ایک اسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک بوڑھے شخص کا آپریشن کرکے اس کے پیٹ سے سونے کی 12 ڈلیاں نکال لیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 63 سالہ شخص کو پیٹ میں شدید تکلیف کی وجہ سے نئی دلی کے سر گنگا رام اسپتال لایا گیا جہاں اس نے بتایا کہ بیوی سے جھگڑے پر اس نے غصے میں ایک بوتل کا ڈھکن نگل لیا ہے ، ڈاکٹروں نے جب اس کے پیٹ کا آپریشن کیا تو انہیں بوتل کا ڈکھن تو نہ ملا لیکن انہوں نے سونے کی 12 ڈلیاں نکال لیں جن کا مجموعی وزن 400 گرام تھا۔

(جاری ہے)

پولیس اور کسٹم حکام نے سونا اپنے قبضے میں لے کر بوڑھے مریض سے پوچھ کچھ شروع کردی ہے ۔

بوڑھے شخص کا آپریشن کرنے والے سینیئر سرجن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سے قبل ایک مریض کے مثانے میں سے ایک کلو گرام وزنی پتھری نکالی تھی تاہم پیٹ سے سونے کی ڈلیاں نکالنے کا تجربہ انہیں پہلی بار ہوا ہے۔واضح رہے کہ دنیا میں بھارت سب سے زیادہ سونا استعمال کرنے والا ملک ہے، گذشتہ برس بھارتی حکومت نے سونے کی مانگ میں کمی لانے کے لئے اس کی درآمد پر لاگو ٹیکس میں 3 گنّا اضافہ کیا تھا جس کی وجہ سے اس کی اسمگلنگ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔