سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی قومی اسمبلی کے سپیکر سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال ،قومی سپیکرز کانفرنس کے باقاعدگی سے انعقاد کو یقینی بنائیں گے ،سردار ایاز صادق ، قانون ساز اداروں کے سپیکرز اور حکام کے درمیان تبادلہ خیال اور باہمی تجربات سے مستفید ہونے کا ایک بہترین ذریعہ ہے ،اسد قیصر

منگل 22 اپریل 2014 21:17

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی قومی اسمبلی کے سپیکر سے ملاقات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی سپیکرز کانفرنس کے باقاعدگی سے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ سپیکر خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں صوبائی اور قومی مقننہ کے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسد قیصر نے سپیکر قومی اسمبلی کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی 17 ویں سپیکرز کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سپیکرز کانفرنس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وہ قائم مقام گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ سنبھالنے کی وجہ سے کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قانون ساز اداروں کے سپیکرز اور حکام کے درمیان تبادلہ خیال اور باہمی تجربات سے مستفید ہونے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے صوبائی سپیکر کو جمہوری اداروں اور پارلیمانی روایات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ وہ بطور سپیکر قومی اسمبلی سپیکرز کانفرنس کا انعقاد باقاعدگی سے یقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے طریقے کار وضع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تشکل نو اور پیپریس ماحول کے بارے میں آگاہ کیا۔

سپیکر نے کہاکہ پارلیمنٹ کو رواں سال کے آخر تک شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا جو دنیا میں پہلی پارلیمنٹ ہوگی۔ سپیکر نے کہاکہ صوبائی مقننہ کیلئے قومی اسمبلی اس ضمن میں ہر طرح کی امداد فراہم کرے گی۔ سپیکر صوبائی اسمبلی نے سردار ایاز صادق کی مدبرانہ قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ قومی مقننہ کی تقلید صوبائی مقننہ کیلئے باعث شرف ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے بھی سپیکر کو آگاہ کیا۔ اسد قیصر نے سپیکر قومی اسمبلی کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔