وفاقی وزیر داخلہ سے ا مریکی خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز کی ملاقات ،قریبی تعلقات کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق، امریکہ نواز شریف حکومت کو امن کے قیام کے سلسلے میں ایک قابل اعتماد پارٹنر سمجھتا ہے ، جیمز ڈوبنز ، پاک امریکہ تعلقات میں شفافیت اور کشادگی کی ضرورت ہے ،چوہدری نثار علی خان

جمعرات 24 اپریل 2014 20:30

وفاقی وزیر داخلہ سے ا مریکی خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز کی ملاقات ،قریبی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات میں شفافیت اور کشادگی کی ضرورت ہے ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے امریکہ کے خصوصی نمائندے برائے پاکستان و افغانستان جیمز ڈوبنز نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال زیر بحث آئی۔ ملاقات میں پاکستان میں امریکی سفیر رچرد اولسن بھی موجود تھے۔

جیمز ڈوبنز نے خطے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستان کے اتحادی کی حیثیت سے اہم کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ امریکہ نواز شریف حکومت کو امن کے قیام کے سلسلے میں ایک قابل اعتماد پارٹنر سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ طویل المدت اور کثیر جہتی تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان سے امریکی فورس کے انخلاء کے بعد کی صورتحال میں اہمیت دوچند ہو جائے گی۔

چوہدری نثار علی خان نے تعلقات میں شفافیت اور کشادگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے کردار کی حقیقی و دیانتدارانہ جائزے اور تحسین کا مطالبہ کیا جس کے بغیر کبھی بھی تعلقات ٹھوس یا فعال نہیں ہو سکتے۔ ملاقات میں پالیسی کی سطح پر اور قریبی تعلقات کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔