ملک بھر میں پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں ریلیاں

اتوار 27 اپریل 2014 19:24

ملک بھر میں پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں ریلیاں

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل۔2014ء) کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے، الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔کراچی میں جماعت الدعوۃ اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء نے فوج کی حمایت میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

انہوں نے پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ جماعت الدعوۃ کی ریلی میں موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ صادق آباد میں بھی بینرز اٹھائے شہری افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے سڑکوں پر نکل آئے۔ سکھر میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے قاسم پارک سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف یوتھ ونگ نے بھی فوج کی حمایت میں ریلی نکالی۔ بینرز، پلے کارڈز اٹھائے اور نعرے لگاتے عوام نے ٹانک اڈا سے پریس کلب تک مارچ کیا۔ مردان میں انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں اور قومی کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام پریس کلب تک مارچ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

لاہور میں تنظیم مشائخ عظام کی جانب سے پاک فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ناصر باغ سے داتا دربار تک نکالی گئی ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے۔ تنظیم مشائخ عظام کے امیر مسعود احمد صادق کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کیلئے پاک فوج اور آئی ایس آئی کی قربانیاں قابل قدر ہیں، قومی سلامتی کے اداروں پر تنقید قابل برداشت نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :