Live Updates

عمران خان نے خیبر پختونخوا میں تعمیر سکول پروگرام کا افتتاح کردیا،پروگرام کے تحت ڈونرز صوبے کے سکولوں کے لئے آن لائن مالی امداد دے سکیں گے،رقوم حکومت کی بجائے مقامی پیرنٹ ٹیچر کونسل خرچ کرے گی ،ڈونر کسی بھی وقت رقوم کے استعمال کا جائزہ لے سکے گا،پہلے مرحلے میں 122سکولز کو ویب سائٹ پر ڈال دیا گیا ہے 2سکول کے لئے 50لاکھ کی امداد بھی مل گئی،تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور یو بی ایل کے جی ایم سید جاوید نے 25,25لاکھ کی امداد دی

بدھ 30 اپریل 2014 20:18

عمران خان نے خیبر پختونخوا میں تعمیر سکول پروگرام کا افتتاح کردیا،پروگرام ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اپریل۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا میں تعمیر سکول پروگرام کا افتتاح کردیا جس کے تحت ڈونرز اور مخیر حضرات صوبے کے سکولوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے انٹر نیٹ کے ذریعے آن لائن مالی مدد کرسکیں گے ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تعمیر سکول پروگرام کا افتتاح گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول دوران پور پشاور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔

اس موقع پرتحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک، وزیر تعلیم محمد عاطف خان،صوبائی وزیر صنعت و حرفت شوکت یوسفزئی ،مشیر وزیر اعلیٰ مہر تاج روغانی،مشیر وزیر اعلیٰ قلندر لودھی، تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی،جنرل سیکرٹری خالد مسعود، ایم پی ایز ارباب جانداد،محمود جان، بیگم نسیم حیات اور ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی یونس ظہیر مہمند بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے لحاظ سے پاکستان کو دیکھتا ہوں توبڑا افسوس ہوتا ہے دنیا میں تعلیم پر سب سے کم پیسہ خرچ کرنے والے پانچ ممالک میں پاکستان بھی شامل ہیں جب ہمارے ملک میں سکولوں کا برا حال ہو گا تو ترقی ممکن نہیں انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں28ہزار سکول ہیں جس میں 14ہزار میں کمرے نہیں ،نو ہزار کی چار دیواری نہیں، آٹھ ہزار میں ٹائلٹ نہیں جبکہ آٹھ ہزار میں پینے کا صاف پانی نہیں اسی لئے یہ فیصلہ کیا کہ تعمیر سکول پروگرام شروع کیا جائے جس کے ذریعے دونرز اور مخیر حضرات سکولوں کو آن لائن امداد دی سکیں گے اور وہ ہر وقت اپنے دی گئی امداد کا ریکارڈ بھی چیک کرسکیں گے انہوں نے کہاکہ امداد میں ملنے والی رقم براہ راست بینک اکاؤنٹ میں جائے گی اور پیسہ مقامی پیرنٹ ٹیچر کونسل کے ذریعے خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ فی الحال 122سکول کو آن لائن کردیا ہے جس میں سے ایک سکول کے لئے آج تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے 25لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسرے سکول کے لئے یو بی ایل کے جنرل منیجر سید جاوید نے 25لاکھ روپے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ باقی 120سکول کے لئے بھی جلد رقم اکٹھی کر لیں گے جس کے بعد صوبے کے تمام سکولز کے لئے تعمیر سکول پروگرام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اگر 10فیصد اساتذہ سکول نہ آئے تو ساڈھے پانچ ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے جبکہ موجودہ وقت میں صوبے میں تیس فیصد اساتذہ حاضری نہیں دیتے جس کی وجہ سے تقریب 17ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے جب اساتذہ سکول نہیں آئیں گے تو والدین اپنے بچوں کو بھی سکول نہیں بھیجیں گے جس کی وجہ سے ہمارا مستقبل تباہ ہوگا اساتذہ کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی ڈیوٹی پورے اخلاص کے ساتھ سرانجام دے۔

انہوں نے کہاکہ شوکت خانم ہسپتال اور نمل یونیورسٹی جیسے بڑے ادارے بھی امدادی رقوم سے کامیاب طریقے سے چلا رہے ہیں اور خیبر پختونخوا کو بھی مختلف پرواجیکٹس کے ذریعے پورے پاکستان کے لئے ماڈل صوبہ بنائیں گے انہوں نے کہاکہ آج جس پروگرام کا افتتاح کررہے ہیں ایسے سسٹم پہلے کبھی نہیں آیا اور ہمیں یقین ہے کہ اس سسٹم کے ذریعے پورے صوبے کے سکولوں کو جدید سکول بنائیں گے۔

تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوتوں پر مبنی 210صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر تیار کرلیا ہے 11ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مڈ ٹرم الیکشن کی بات نہیں کرتے مگر یہ بھی نہیں مانتے کہ چار حلقوں پر اگر ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے تو باقی حلقوں کو چھوڑ دیں ۔

انہوں نے کہاکہ کوئی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکتا کچھ عناصر جمہوریت کی آڑ میں مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں کرپٹ ڈکیٹیٹر الیکشن میں دھاندلی کرواتے رہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مشرقی پاکستان بھی اسی لئے ہم نے چلا گیا کہ وہ لوگ سمجھتے تھے کہ اس ملک پر پنجاب کی حکومت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے صرف وزیر اعلیٰ پنجاب کو ساتھ لیکر بیرون ملک دوروں پر جانا جمہوریت کی نہیں بلکہ بادشاہت کی نشانی ہے۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پرائمری سکول کی ایک بچی اریبہ نے اپنے سکول کے لئے پانچ سو روپے کی امداد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات