کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچنے والی کراچی ایکسپریس کے پاور پلانٹ ناکارہ،کمزور انجن لگانے کے خلاف مسافروں کی روہڑی ریلوے اسٹیشن پر شدید ہنگامہ آرائی

جمعہ 2 مئی 2014 20:31

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2014ء) کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچنے والی کراچی ایکسپریس کے پاور پلانٹ ناکارہ ہونے اور کمزور انجن لگانے کے خلاف مسافروں کی روہڑی ریلوے اسٹیشن پر شدید ہنگامہ آرائی، ریلوے عملے سے ہاتھا پائی اسٹیشن 3 گھنٹے تک کشیدگی کی زد میں رہا، ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کو دھوکے میں رکھ کر دو انجن لگا کر ٹرین کو تیز رفتاری سے روانہ کرکے چند کلومیٹر کے بعد ایک انجن پھر علیحدہ کر لیا، سفر کرنے والے مسافر سخت پریشانی اور گرمی کی اذیت برداشت کرتے ہوئے مجبوراً کراچی کی جانب روانہ ہو گئے۔

اس سلسلے میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی نائٹ کوچ، کراچی ایکسپریس کا دورانہ سفر ہی انجن خراب ہو گیا اور اس کی رفتار 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ تک آگئی جسکی وجہ سے کراچی ایکسپریس مقررہ وقت سے تقریباً 7 گھنٹے تاخیر سے روہڑی ریلوے اسٹیشن پہنچی تو یہاں پر ٹرین کے مسافروں نے انجن تبدیل کرنے اور ایئرکنڈیشنڈ چلانے والی پاور پلانٹ کی کارکردگی پر عدم اتمنان کا اظہار کرتے ہوئے انجن تبدیل کرنے اور پاور پلانٹ کو درست کرنے کا مطالبہ کیا مگر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسلسل لا تعلقی اور لا پرواہی کے باعث مسافر مزید مشتعل ہو گئے اور انہوں نے اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی اور ریلوے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔

(جاری ہے)

اسی دوران ریلوے انتظامیہ نے ٹرین کو زبردستی روانہ کر دیا تاہم ابھی ٹرین پوری طرح پلیٹ فارم سے باہر نہیں نکلی تھی کہ مسافروں نے ہنگامہ بریک لگاکر ٹرین کو روک لیا اور ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔ جس پر مجبوراً ریلوے انتظامیہ کو ٹرین واپس روہڑی اسٹیشن پر لانا پڑی اس دوران دوبارہ خاصی ہنگامہ آرائی اور ریلوے کے عملے کے ساتھ شدید تلخ کلامی کے بعد ریلوے انتظامیہ نے اس صورتحال سے جان چھوڑانے کے لیے ایک نیا اور انوکھا حربہ استعمال کیا اور ٹرین کو پچھلی سائیڈ سے ایک اور انجن لگا کر مسافروں کو دو انجن لگانے کا تاثر دیکر کراچی ایکسپریس کو روانہ کردیا اور دو انجن لگنے کی وجہ سے ٹرین کو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ چلانے کے بعد چند روہڑی سے چند کلو میٹر باہر جانے کے بعد پیچھے لگایا گیا انجن ٹرین سے علیحدہ کر لیا گیا اور اسی کمزور انجن کے ساتھ کراچی ایکسپریس کو کراچی کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :