بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری

جمعہ 16 مئی 2014 11:46

بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری

ممبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16مئی 2014ء) بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لئے 6 ہفتے قبل شروع ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کے انتخابات میں مسلمانوں کی دشمن اور پاکستان مخالف بھارتیہ جنتہ پارٹی کی کامیابی کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ ایگزٹ پول کے سروے کے مطابق انتخابات میں بی جے پی اتحاد میں شامل 28 جماعتیں 249 سے 340 سیٹیں حاصل کر سکتی ہے جب کہ جو جماعت 272 سیٹیں حاصل کرے گی اسے لوک سبھا میں اکثریت حاصل ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے عوامی سروے کی رپورٹس کے پیش نظر بی جے پی کے وزیراعظم کے لئے امیدوار نریندر مودی کے حلقے اور ہندوؤں کے مقدس شہر وراناسی میں انتخابی کامیابی کے جشن پر پابندی لگادی ہے جب کہ پولیس نے حساس شہروں میں ناکہ بندی کرتے ہوئے اضافی نفری طلب کرلی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارتیہ جنتہ پارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پارٹی کی کامیابی کا مرکزی جشن نئی دلی میں منایا جائے گا تاہم پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی ریاست گجرات میں ہی رہیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں 7 اپریل سے 12 مئی تک 9 مراحل میں مکمل ہونے والی ووٹنگ کے طویل عمل میں 55 کروڑ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، 18 لاکھ الیکڑانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا جب کہ الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار سب سے زیادہ 66.38 فیصد ووٹنگ ہوئی۔