سمندری طوفان کے باعث کراچی کے 500 سے زائد خاندان نقل مکانی پر مجبور

جمعہ 13 جون 2014 18:03

سمندری طوفان کے باعث کراچی کے 500 سے زائد خاندان نقل مکانی پر مجبور

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جون 2014ء) سمندری طوفان نانوک نے ساحلی پٹی کے مکینوں کا گھروں میں رہنا اجیرن کردیا جس کے باعث بن قاسم ٹاؤن کے 500 سے زائد خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ سمندری طوفان نانوک پاکستان کی حدودسے بہت دور ہے لیکن اس کی تباہ کاریوں کے اثرات کراچی تک محسوس کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز سے سمندر بپھرا ہوا ہے اور بے چین لہروں نے کراچی کے بن قاسم ٹاون کی ساحلی پٹی کے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

ریڑھی گوٹھ، ڈبلہ گوٹھ اور لٹھ بستی کے 500 سے زائد گھروں میں 3، 3 فٹ تک پانی داخل ہوگیا جس کے باعث متعدد خاندان محفوظ مقامات پرمنتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ساحلی پٹی پر ہزاروں خاندان برسوں سے آباد ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کبھی ان کی جان ومال کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سمندری طغیانی کے باعث کیٹی بندر بچاؤ بند میں 20فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس سے احمد شولانی، احمد ملاح، سلیمان شولانی، صدیق شولانی اور قاصم ملاح سمیت 6 سے زائد دیہات زیر آب آگئے جب کہ شگاف کی بروقت اطلاع کے باوجود محکمہ آبپاشی کا عملہ نہ پہنچ سکا، جس کے باعث علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت شگاف کو پر کرنے میں مصروف ہیں۔

ادھر کھارو چھان میں سمندر میں طغیانی کے باعث مسری بلوچ، اللہ ڈنو ملاح، طالب، حاجی موسیٰ سمو، حسن ملاح اور دیگر 12 سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔

متعلقہ عنوان :